جیکب آباد کے قریب سیاہ کاری کے معاملے پر خاتون سمیت 3افراد قتل، ایک شخص زخمی


جیکب آباد: رپورٽ ایم ڈی عمرانی ۔
جیکب آباد کے قریب سیاہ کاری کے معاملے پر خاتون سمیت 3افراد قتل، ایک شخص زخمی۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد کی تحصیل گڑہی خیرو کے تھانہ دوداپورکی حدود کار اسٹینڈ کے نزدیک نامعلوم ملزمان نے اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں دو افراد قتل اور راہگیر زخمی ہوگیا، قتل ہونے والوں میں بابو لہر اور امین کٹوہر شامل ہیں جبکہ زخمی کی شناخت محرم کٹوہر کے نام سے ہوئی ہے، ملزمان واقع کے بعد فرار ہوگئے، علاوہ ازیں ملزمان نے پنھوں بھٹی تھانہ کی حدود میں واقع گاؤں نثار کٹوہر میں فائرنگ کرکے نوجوان خاتون حاجراں زوجہ عابد کٹوہر کوبھی قتل کردیا، حدود کی پولیس کے مطابق واقع سیاہ کاری کے معاملے پر پیش آیا ہے ملزمان فرار ہوگئے ہیں ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں تاہم آخری اطلاعات تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے، دوسری جانب پولیس نے جاں بحق خاتون سمیت 3افراد کی لاشیں اسپتال منتقل کی جہاں پوسٹ مارٹم کے بعد لاشیں ورثہ کے حوالے کی گئی۔

جیکب آباد:ایم ڈی عمرانی ۔
جیکب آباد میں اسکول کی چھت کا پلستر دھماکے سے گر پڑا، چار طالبعلم لہولہان، سیشن جج کا نوٹس، متعلقہ حکام23 فروری کو طلب۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد میں گورنمنٹ بوائز مین پرائمری اسکول کی تیسری جماعت کے کلاس کی چھت کا پلستر اچانک دھماکے سے گر پڑا جس کے نتیجے میں چار طالبعلم شدید زخمی ہوگئے، زخمی ہونے والوں میں محمد سلیمان، سمیر، حفیظ الرحمن اورمزمل شامل ہیں زخمی بچوں کو طبی امداد کے بعد گھر منتقل کیا گیا، اسکول انتظامیہ کا کہنا ہے کہ بچے کلاس روم میں پڑھ رہے تھے کہ اچانک چھت کا پلستر دھماکے سے گر پڑا اور چار بچے زخمی ہوگئے جنہیں اسکول میں ہی طبی امداد دیکر گھر روانہ کیا گیا، انتظامیہ کے مطابق اسکول کے کلاس رومز کی خستہ حالی کے متعلق ڈپٹی کمشنر اور محکمہ تعلیم کے افسران کو متعدد بار آگاہ کیا لیکن اس کے باوجود کسی نے توجہ نہیں دی، اسکول کے کلاس روم انتہائی خستہ ہوچکے ہیں جس کی وجہ سے طالب علموں کی زندگیاں خطرے میں ہیں، انہوں نے مطالبہ کیا کہ فلفور اسکول کی مرمت کرائی جائے۔دوسری جانب اسکول کی چھت کا پلستر گرنے سے بچوں کے زخمی ہونے کا ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جیکب آباد عبدالغفور کلہوڑو نے نوٹس لے لیا ہے جس کے بعد کنزیومر پروٹیکشن کورٹ کے جج حیدر علی بھیو نے اسکول کا دورہ کیا دورے کے دوران محکمہ تعلیم کے افسران بھی موجود تھے، دورے کے دوران کنزیومر پروٹیکشن کورٹ کے جج نے محکمہ تعلیم کے افسران پر برہمی کا اظہار کیا، سیشن جج جیکب آباد نے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر پرائمری، ایگزیکٹیو انجینئر ایجوکیشن ورکس اینڈ سروسز، اسسٹنٹ ایگزیکٹیو انجینئر ایجوکشن ورکس، ہیڈ ماسٹر پرائمری اسکول اور ایس ایچ او سٹی کو 23فروری کو طلب کرلیا ہے۔

جیکب آباد:رپورٹ ایم ڈی عمرانی ۔
جیکب آباد میں تیز رفتار ٹرک نے پیدل چلنے والے دو افراد کو کچل کر ہلاک کردیا۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد کے صدر تھانہ کی حدود قومی شاہراہ پر شہید عبدالجبار چیک پوسٹ کے مقام پر ایک تیز رفتار ٹرک نے سڑک کے کنارے پیدل چلنے والے افراد کو کچل دیا جس کے نتیجے میں 2چچازاد بھائی جاویدعلی اور بالاچ ڈومکی موقع پر جاں بحق ہوگئے، پولیس کے مطابق حادثے کے بعد ٹرک ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیاجس کی تلاش جاری ہے، حادثے میں جاں بحق افراد کی لاشیں سول اسپتال منتقل کی گئی جہاں ضروری کاروائی کے بعد ورثہ کے حوالے کی گئی۔