اس عظیم مینڈیٹ کا احترام ہونا چاہیئے اور اسے کھل کر تسلیم کرنا چاہیئے، صدر مملکت سیاست دانوں، ان کی جماعتوں اور ہمارے اداروں کو اللہُ کی طرف سے بھیجے ہوئے اس موقع کو قبول کرکے اس کا فائدہ اٹھانا چاہیئے

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ مشکل فیصلے کرنے اور ماضی کی تلخیوں کو دور کرنے کے لیے ایک حقیقی مینڈیٹ ضروری تھا، سیاست دانوں، ان کی جماعتوں اور ہمارے اداروں کو اللہُ کی طرف سے بھیجے ہوئے اس موقع کو قبول کرکے اس کا فائدہ اٹھانا چاہیئے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ میں پاکستان کے عوام کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، خاص طور پر خواتین کو جو شدید مشکلات کے باوجود بڑی تعداد میں باہر نکلیں اور جمہوریت کی مضبوطی کے لیے ووٹ دیا، نوجوان بھی بلخصوص داد کے مستحق ہیں کہ انہوں نے ووٹنگ کے عمل میں پرامن طریقے سے حصہ لے کر ملک کی باگ ڈور سنبھالنے کا فیصلہ کیا ہے، ان کا جمہوریت پر یقین، ولولہ اور تعمیر ملت کا عزم انشاللہ تاریخ رقم کرے گا۔

صدر مملکت کا کہنا ہے کہ شدید مالی بحران سے نکلنے، مشکل فیصلے کرنے اور ماضی کی تلخیوں کو دور کرنے کے لیے ایک حقیقی مینڈیٹ ضروری تھا جو نضر آرہا ہے، ہمیں اس پُرجوش جذبے کا جشن منانا چاہیے اور دنیا کو پاکستان کا یہ خوبصورت چہرہ دکھانا چاہیئے، ہمارے شاندار مستقبل میں میرا اعتماد مضبوط ہوا ہے کیوں کہ لوگوں نے کُھل کر بڑی تعداد میں اپنی مرضی کا اظہار کیا ہے۔
ڈاکٹر عارف علوی نے مشورہ دیا ہے کہ میرے شہریوں کے اس عظیم مینڈیٹ کا احترام ہونا چاہیئے اور اسے کھل کر تسلیم کرنا چاہیئے۔ سیاست دانوں، ان کی جماعتوں اور ہمارے اداروں کو اللہُ کی طرف سے بھیجے ہوئے اس موقع کو قبول کر کے اس کا فائدہ اٹھانا چاہیے، بے شک اللہ پاکستان پر بہت مہربان ہے، آؤ میرے لوگو، اٹھو اورمتحد ہو جاؤ، سب کچھ جوڑ کر تعمیر نو کا کام شروع کرو، دنیا آپ کی منتظر ہے۔
========================

شوہر عون چوہدری کی جیت پر گندے کمنٹس کرنے والوں کو نور بخاری کا جواب

سابق اداکارہ نور بخاری نے اپنے شوہر اور استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) کے امیدوار عون چوہدری کی جیت پر خراب کمنٹس کرنے والے سوشل میڈیا صارفین کو کہا ہے کہ وہ ان کی پوسٹس پر آکر گندے کمنٹس نہ کریں۔

غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق نور بخاری کے شوہرعون چوہدری نے پنجاب کے دارالحکومت لاہور کے حلقہ این اے 128 سے کامیابی حاصل کی ہے۔

شوہر کی کامیابی کے بعد اداکارہ کی سوشل میڈیا پوسٹس پر صارفین نے نامناسب کمنٹس کیے، جس پر نور بخاری نے انسٹاگرام اسٹوری میں ایسے کمنٹس کرنے والوں کو آئینہ دکھایا۔

نور بخاری نے کسی کا نام لیے بغیر لکھا کہ صارفین اپنا غصہ ان کی پوسٹس پر نہ اتاریں اور مہربانی کرکے اپنی منفی سوچ خود تک محدود رکھیں۔

ساتھ ہی اداکارہ نے لکھا کہ کسی نے کیا خوب کہا ہے کہ جس کسی شخص کو اپنے گھر میں سالن میں دوسری بوٹی نہیں ملتی، وہ بھی سوشل میڈیا پر آکر معروف شخصیات کے خلاف لکھتے ہیں۔

نور بخاری نے لکھا کہ ایسے لوگ اپنی بھڑاس شخصیات کی سوشل میڈیا پوسٹس پر آکر نکالتے ہیں۔

اداکارہ نے یہ واضح نہیں کیا کہ صارفین نے ان کی کون سی پوسٹ پر کس طرح کے منفی کمنٹ کیے۔

تاہم اداکارہ نے شوہر عون چوہدری کی جیت کے اعلان کے بعد ان کی تصویر انسٹاگرام پر شیئر کی تھی، جس کے بعد ازاں انہوں نے کمنٹس بند کردیے۔