پنڈی ٹیسٹ کا دوسرا سیشن پاکستانی بولرز کے نام

راولپنڈی میں کھیلے جارہے پاک لنکا سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ کے پہلے دن کا دوسرا سیشن پاکستانی بولرز کے نام رہا اور پاکستان کے چاروں فاسٹ بولرز نے اپنی وکٹوں کا کھاتہ کھول لیا ہے۔

اننگ کے آغاز میں مہمان ٹیم سری لنکا نے پاکستان کے خلاف پر اعتماد بیٹنگ کا آغاز کیا اور کھانے کے وقفے تک بغیر کسی نقصان کے ٹیم کا اسکور 89 رنز تک پہنچا دیا۔

کھیل کے دوسرے سیشن میں پاکستانی بولرز نے وکٹوں کے حصول کا سلسلہ شروع کیا اور 96 کے مجموعی اسکور پر شاہین شاہ نے 59 رنز بنانے والے سری لنکن کپتان دیمتھ کرونارتنے کو پویلین کی راہ دکھائی
مہمان ٹیم کا سکور جب 109 رنز ہوا تو نسیم شاہ نے 40 رنز بنانے والے اوشادہ فرنانڈو کو میدان بدر کیا۔

ان کے بعد آنے والے اینجیلو میتھیوس بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے عثمان شنواری نے انہیں 10 کے انفرادی اسکور پر پویلین بھیج کر اپنی پہلی ٹیسٹ وکٹ حاصل کی۔

سری لنکا کی گرنے والی چوتھی وکٹ دنیش چندی مل کی تھی وہ ۲ رنز بنا کر عباس کی گیند پر بولڈ ہوئے۔

دوسرے سیشن میں 4 سری لنکن وکٹ گرنے کے بعد چائے کے وقفے تک سری لنکا نے 51 اوور میں 137 رنز بنا لیے ہیں
س سے قبل پنڈی ٹیسٹ میں مہمان ٹیم سری لنکا نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔

ٹاس کے بعد قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی کا کہنا ہے پاکستان کی پوری ٹیم پہلی بار اپنے ہوم گراؤنڈ پر ٹیسٹ کھیل رہی ہے، یہ جذباتی لمحات ہیں، کوشش ہوگی کہ میچ جیت کر اسے مزید خوشگوار بنائیں
پاکستان اورسری لنکاکے درمیان کرکٹ ٹیسٹ کے پہلے میچ کے لیے راولپنڈی میں سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں، شائقین کو کھانے پینے کی اشیاء اور پلاسٹک کی بوتلیں ساتھ لانے کی اجازت نہیں ہے۔

میچ کے لیے راولپنڈی انتظامیہ کی جانب سے ٹریفک پلان جاری کر دیا گیا ہے ، جبکہ میٹروبس کے اوقات کار میں بھی تبدیلی لائی گئی ہے۔

واضح رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم اپنی سرزمین پر 10 سال بعد پہلا انٹرنیشنل ٹیسٹ کھیل رہی ہے