ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کی آج ہونیوالی پریس کانفرنس ملتوی

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور کی آج ہونیوالی پریس کانفرنس ملتوی کردی گئی اور ڈی جی آئی ایس پی آر آپریشنل مصروفیت کی وجہ سےپشاور روانہ ہوگئے۔

گذشتہ روز آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ کی زیرصدارت کورکمانڈرکانفرنس ہوئی تھی ، ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بتایا کہ کور کمانڈرز کانفرنس جی ایچ کیو راولپنڈی میں ہوئی، اہم کور کمانڈرز کانفرنس سات گھنٹے سے زائد جاری رہی اور روایت کے برعکس کور کمانڈرز کانفرنس کی پریس ریلیز جاری نہیں کی گئی۔یاد رہے گذشتہ ماہ اے آر وائی کے پروگرام آف دی ریکارڈ کے میزبان کاشف عباسی سے گفتگو کرتے ہوئے پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے میجر جنرل آصف غفور کا کہنا تھا کہ حکومت سے ریاستی امور پر کوئی دو رائے نہیں ہے، پاکستان کی ترقی کیلئے ضروری ہے دونوں (وزیراعظم، آرمی چیف) رابطے میں رہیں، ملاقاتیں معمول کا حصہ ہیں مگر یہ علیحدہ بات ہے کہ ہر ملاقات رپورٹ نہیں ہوگی۔