ساؤتھ ایشین گیمز: پاکستان کے طلائی تمغوں کی تعداد 24 ہوگئی

ساؤتھ ایشین گیمز میں پاکستان نے ہفتے کو ویٹ لفٹنگ اور ریسلنگ میں بھی گولڈ میڈل حاصل کیے جس کے بعد پاکستان کے مجموعی طلائی تمغوں کی تعداد 24 ہوگئی۔

گیمز کے ساتویں روز پاکستان نے ریسلنگ کے مقابلوں میں 2 گولڈ میڈلز جیتے، ان میں عنایت اللہ نے 70 کلوگرام جبکہ عبدالرحمٰن نے 79 کلوگرام ریسلنگ کے مقابلوں میں سونے کا تمغہ حاصل کیا۔

ویٹ لفٹر عثمان امجد راٹھور نے 102 کلوگرام ویٹ کیٹیگری میں مجموعی طور پر 330 کلوگرام وزن اٹھاکر گولڈ میڈل حاصل کیا، خاتون ویٹ لفٹر رابعہ رزاق نے 87 کلوگرام کیٹیگری میں 141 کلوگرام وزن اٹھاکر سلور میڈل اپنے نام کیا۔

ریسلنگ میں زمان انور اور طیب رضا فائنل باؤٹس میں ناکامی کے بعد سلور میڈل کے حقدار قرار پائے۔ خواتین کی چار ضرب چار سو ریلے میں پاکستان کی صاحب اسرا، نجمہ پروین، رابعہ عاشق اور انیلہ گلزار پر مشتمل ٹیم نے چاندی کا تمغہ جیتا۔
شوٹنگ میں پاکستان کے غلام مصطفیٰ بشیر، خلیل اختر اور مقبول حسین پر مشتمل ٹیم نے پچیس میٹر ایئرپسٹل میں ٹیم ایونٹ کا سلور میڈل حاصل کیا۔

جی ایم بشیر نے اس ایونٹ کا انفرادی سلور میڈل بھی اپنے نام کیا۔

غفران عادل اور نادرہ رئیس نے دس میٹر ایئر رائفل مکسڈ مقابلوں میں برانز میڈل جیتا۔

ایتھلیٹکس کی چار ضرب چار سو میٹر میں بھی پاکستان نے برانز میڈل حاصل کیا۔

اسکواش میں پاکستان کے فرحان محبوب، فائزہ ظفر اور مدینہ ظفر نے برانز میڈلز حاصل کیے، تیرہویں ساؤتھ ایشین گیمز میں پاکستانی ایتھلیٹس اب تک 24 گولڈ، 30 سلور اور 38 برانز میڈل حاصل کرچکے ہیں