منوڑہ کے ساحلی مقام پر خوبصورت پارک کی تعمیر کا آغاز

منوڑہ کے ساحلی مقام پر خوبصورت پارک کی تعمیر کا آغاز، ادارہ ترقیات کراچی (KDA) نے منوڑہ کو خوبصورت بنانے اور علاقے کو ترقی دینے کے لئے مختلف اسکیموں پر عملدرآمد شروع کردیا،   صوبائی حکومت کی فنڈنگ سے کنٹونمنٹ بورڈ کی زمین پر تعمیر کیا جانے والا پارک آئندہ سال اپریل تک مکمل کرلینے کی توقع ہے۔ یہ بات ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات کراچی ڈاکٹر سید سیف الرحمان نے پاکستان نیول اکیڈمی کراچی کے دفتر میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی، اجلاس میں پاکستان نیول اکیڈمی (پی۔ این۔ ایس رہبر منوڑہ)کے کمانڈنٹ کموڈور عامر محمود نے خصوصی طور پر شرکت کی جبکہ اس موقع پر چیف انجینئر کے ڈی اے رام چند و دیگر اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ صوبائی حکومت کی ہدایت پر سالانہ ترقیاتی پروگرام (ADP) کے تحت کے ڈی اے نے منوڑہ کے مقام پر 8ہزار اسکوائر میٹر رقبہ پر ایک خوبصورت پارک بنانے کے لئے تعمیری کاموں کا آغاز کردیا ہے جس میں 600 میٹر کے روڈ کی درستگی بھی شامل ہے۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ مذکورہ پارک کی تکمیل کی مدت دو سال ہے مگر امید ہے کہ فنڈز کی فراہمی میں تعطل نہیں آیا تو اس پارک کو آئندہ سال ہی اپریل تک مکمل کرلیا جائے گا اس کے علاوہ سیوریج، پانی اور روڈ کی تعمیر کے حوالے سے منوڑہ ہی کے مقام پر مزید 41 اسکیموں پر کام جاری ہے جن میں سے 19 اسکیمیں 10 کروڑ روپے مالیت سے کم اور بقایا 18 اسکیمیں اس سے زائد کی ہیں، پارک کی تعمیر کے لئے مجموعی رقم کا تخمینہ 204 ملین روپے ہے جبکہ رواں سال پارک کے تعمیراتی کاموں کے لئے 64 ملین روپے رکھے گئے ہیں۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ادارہ ترقیات کراچی کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر سید سیف الرحمان نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ کی خصوصی ہدایت پر ادارہ ترقیات شہریوں کو صحت مندانہ سہولیات فراہم کرنے کے لئے شہر کے مختلف مقامات پر کھیل کے میدان آباد کرنے اور تفریحی پارکس قائم کرنے کے لئے اپنے تمام دستیاب وسائل استعمال کررہا ہے، شہریوں کو تفریحی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے اور شہر کی خوبصورتی میں اضافے کے لئے کے ڈی اے کی جانب سے مختلف اسکیموں پر کام جاری ہے، پاکستان نیول اکیڈمی (پی۔ این۔ ایس رہبر منوڑہ) کے کمانڈنٹ کموڈور عامر محمود نے کہا کہ منوڑہ کے ساحلی مقام پر تقریباً روزانہ ہی تفریح کے لئے آنے والے شہریوں کا رش رہتا ہے لہٰذا یہاں آنے والوں کو بہترین سہولیات اور تفریح کے بھرپور مواقع فراہم کرنے کے لئے اس علاقہ کو خوبصورت بنانے کا فیصلہ کیا گیا جس کے لئے حکومت سندھ نے بھرپور تعاون کیا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ منوڑہ کے مقام پر بنایا جانے والا نیا پارک یہاں آنے والوں کے لئے بھرپور تفریح مواقع کی فراہمی اور دلکشی کا سبب ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں