نوجوانوں کے خوابوں کی تعبیر وزیراعظم کا بنیادی مشن ہے: فردوس عاشق

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ نوجوان نسل ہمارا قیمتی اثاثہ اور روشن مستقبل کی امید ہے،نوجوانوں کے خوابوں کی تعبیر وزیراعظم عمران خان کا بنیادی مشن ہے،طلباء کے حقوق کے تحفظ اور مسائل کے فوری حل کے لیے وزیر اعظم نے وفاق اور صوبوں کو جامع حکمت عملی مرتب کرنے کی ہدایات دی ہیں،اپنے حقوق کا مطالبہ طلباء کے بڑھتے ہوئے شعور اور فکر کی عکاسی ہے جو نہایت خوش آئند ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمارے طلباء وہ طاقت ہیں جس نے آنے والے دور میں ملکی ترقی کیلئے نئی سوچ، بصیرت اور ولولہ انگیز جمہوری قیادت وجود میں لانی ہے،ہمارے نوجوان ہر چیلنج کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے کا آہنی عزم رکھتے ہیں،ہمیں اپنی نوجوان نسل خصوصاً طلباء کی محنت، دیانتداری اور سچائی کے اصولوں پر مبنی کردار سازی کرنی ہے، اس کے ساتھ ساتھ ان کے متحرک کردار کو معاشرے کی فلاح، قومی مفاد اور سلامتی سے ہم آہنگ کرنا نہایت ضروری ہے۔