گورنر سندھ نے کورنگی صنعتی زون میں مفتی تقی عثمانی کی زیر سرپرستی میں قائم جامع مسجد حامد کا افتتاح کیا

جے ڈاٹ کی جانب سے عمرہ کی سعادت حاصل کرنے کے لئے 30 خوش قسمت ملازمین کے لئے قرعہ اندازی کا اہتمام کیا گیا
کراچی : گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کورنگی صنعتی زون میں واقع یو اینڈ آئی گارمینٹس اینڈ جنید جمشیدپرائیویٹ لمیٹڈ میں مفتی تقی عثمانی کی زیر سرپرستی میں قائم جامع مسجد حامد کا افتتاح کردیا۔ گورنر سندھ نے کہا کہ مساجد تو بہت ہیں لیکن یہ مسجد میرے لئے اس لئے اہم ہے کیونکہ اس مسجد کی تعمیر میں میرے والد کے نام سے بھی حصہ ڈالا گیا ہے، جیسا کہ مجھے بتایا گیا کہ اس مسجد میں نامور علمائے دین آکر دینی تعلیم پر لیکچر بھی دیں گے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ مسجد اللہ کا گھر ہے اور اس کے افتتاح سے مجھے دلی راحت محسوس ہوئی ہے۔


اس موقع پر گورنر سندھ عمران اسماعیل نے جمعتہ المبارک کی نماز ادا کی اور پاکستان کی سلامتی، ترقی و خوشحالی کے لئے بھی دُعا کی۔ نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد جے ڈاٹ کی جانب سے عمرہ کی سعادت حاصل کرنے کے لئے ملازمین کے درمیان قرعہ اندازی کا اہتمام کیا گیاجس کے ذریعے گورنر سندھ عمران اسماعیل، سہیل خان اور اداکار ہمایوں سعید نے 30 خوش قسمت ملازمین کے ناموں کی پرچیاں نکالیں۔ میڈیا کے نمائندگان سے بات چیت کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان کا وژن ہے کہ ملک سے جلد سے جلد غربت کا خاتمہ ہو اور کم آمدن والے افراد کے لئے ایسی اسکیموں کا اجراءکیا جائے جس سے وہ اپنے آپ کو معاشرے کا کارآمد شہری بناسکیں، اس وژن کو مد نظر رکھتے ہوئے انہوں نے کئی اسکیموں کا افتتاح کیا جن میں احساس پروگرام ، ہیلتھ کارڈ کا اجراء، نیا پاکستان ہاﺅسنگ اسکیم، محنتی غریب طلباءو طالبات کےلئے اسکالر شپ پروگرام اور سیلانی ویلفیئرٹرسٹ کی شراکت سے غریبوں کے لئے لنگر کا اہتمام سرِ فہرست ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کے دھرنوں کی مثال کھسیانی بلی کھمبا نوچے کے مترادف ہے۔


سوال کا جواب دیتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ چار جگہوں سے کھڑے ہوتے ہیں اور ایک جگہ سے بھی کامیاب نہیں ہوپاتے جبکہ وہ پورے پاکستان کا الیکشن چیلنج کرنے کی بات کرتے ہیں۔ ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ ملک میں سازش اور افراتفری پھیلانے والے کبھی کامیاب نہیں ہوں گے، پاکستان کی اکنامی کے بارے میں کئے گئے سوال پر انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک ابھرتی ہوئی معیشت ہے، ریاست کے تمام ستوں ایک پیچ پر ہیں۔ کراچی پیکیج کے بارے میں کئے گئے سوال پر گورنرسندھ نے کہا کہ 162 ارب روپے میں سے 8 ارب روپے ریلیز کردیئے ہیں۔