گورنر سندھ سے وزیر اعظم پاکستان کے مشیر برائے موسمیاتی تبدیلی کی گورنر ہاﺅس میں ملاقات

کراچی : گورنر سندھ عمران اسماعیل سے وزیر اعظم پاکستان کے مشیر برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے گورنر ہاﺅس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے حامل امور پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ ملاقات میں مشیر موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے گورنر سندھ کو ریڈ لائن پروجیکٹ کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ وفاق ریڈ لائن پروجیکٹ کے لئے 48 ملین ڈالرز (تقریباً 7.5 ارب روپے) گرین کلائمیٹ فنڈز سے فراہم کرے گا، انہوں نے مزید بتایا کہ یہ دنیا کا پہلا زیرو کاربن اخراج پروجیکٹ ہوگا۔

ملک امین اسلم نے گورنر سندھ کو الیکٹریکل وہیکل پالیسی اور گرین اینڈ کلین چیمپیئن اسکیم کے بارے میں بھی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ کراچی یونیورسٹی میں گرین اینڈ کلین چیمپیئن اسکیم سینٹرز قائم کئے جائیں گے ، اس اسکیم کے تحت کوئی بھی عام آدمی اپنے آپ کو موبائل ایپلی کیشن ویب پورٹل پر جاکر آسانی سے رجسٹرڈ کرسکتا ہے ، اس کے ذریعے رجسٹرڈ افراد کلین اینڈ گرین پاکستان مہم کے حوالے سے کوئی بھی مثبت ایکٹویٹی اپ لوڈ کرسکتے ہیں۔ گورنرسندھ عمران اسماعیل نے ملک امین اسلم کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ الیکٹرک وہیکل پالیسی کے تحت کراچی شہر میں پلوشن سے پاک اور سستی سفری سہولیات میسر آئیں گی اور کامیاب جوان پروگرام کے تحت آسان شرائط پر انٹر پرینیور نوجوانوں کو قرضے فراہم کئے جارہے ہیں۔ وفاقی حکومت کے تحت صوبہ سندھ میںشجر کاری مہم کے ذریعے اگلے چار سالوں کے دوران تقریباً ایک ارب پودے لگائے جائیں گے، جس کے لئے 5ارب روپے فنڈز وفاقی حکومت فراہم کرے گی۔ واضح رہے کہ گورنر سندھ عمران اسماعیل کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دی جائے گی جو اس شجر کاری مہم کو مانیٹر کرے گی۔