پیر عبدالقادر شاہ جیلانی انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنس گمبٹ خیرپور نے ملک کی تاریخ میں پہلی بار 100جگر کی پیوند کاری کے کامیاب آپریشن مکمل کرلیے

آج 29 نومبر 2019 کو پیر عبدالقادر شاہ جیلانی انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنس گمبٹ، خیرپور نے ملک کی تاریخ میں پہلی بار 100جگر کی پیوند کاری کے کامیاب آپریشن مکمل کرلیے۔ ڈائریکٹر انسٹی ٹیوٹ ڈاکٹر رحیم بخش بھٹی کے مطابق جگر کی پیوندکاری کے کامیاب آپریشن کا سفر انسٹی ٹیوٹ کے عملے اور ڈاکٹروں کی انتہک محنت و لگن سے مکمل ہوا۔ اس حوالے سے شعبہ جگر پیوندکاری کے سربراہ ڈاکٹر عبدالوہاب ڈوگر کا کہنا ہے کہ انسٹی ٹیوٹ میں جگر کی پیوندکاری کی ٹیم زیادہ تر نوجوانوں پر مشتمل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ انسٹی ٹیوٹ نے پیوندکاری کا پہلا کامیاب آپریشن چند سال قبل کیااور 100 جگر کی پیوندکاری کے کامیاب آپریشن کی تکمیل ایک بڑی کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسٹی ٹیوٹ میں مستقبل میں یومیہ دو جگر کی پیوندکاری کی جائیں گی۔

ڈاکٹر عبدالوہاب کا کہنا ہے کہ انسٹی ٹیوٹ ملک کا پہلا ادارہ ہے جو مفت جگر کی پیوندکاری کرتا ہے اور اس کا آغاز 2016میں سندھ حکومت کی جانب سے دی جانے والی ایک ارب روپے کی گرانٹ کی مدد سے کیا گیاہے۔انہوں نے بتایا کہ جگر کی پیوندکاری کے آپریشن کی لاگت میں تقریبا60 سے70لاکھ روپے کا خرچ آتا ہے تاہم وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ کی جانب سے فنڈز کی فراہمی سے یہ آپریشن مفت کیا جاتا ہےجس کی کامیابی کا تناسب 95فیصد ہے۔انہوں نے کہا کہ انسٹی ٹیوٹ کی ویب سائٹ کی اس سلسلے میں معلومات اور رابطہ کیا جاسکتا ہے۔