پیراگون ہاؤسنگ اسکینڈل: خواجہ برادران کےجوڈیشل ریمانڈ میں9 دسمبر تک توسیع

پیراگون ہاؤسنگ کیس میں گرفتار خواجہ برادران کو لاہور کی احتساب عدالت کے روبرو پیش کیا گیا ،اس موقع پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے ۔ احتساب عدالت لاہورکے ڈیوٹی جج امیر محمد خان نے خواجہ برادران کے خلاف ریفرنس پر سماعت کی ۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر گواہ قیصر امین بٹ اور جوڈیشل مجسٹریٹ ذوالفقار باری کو دوبارہ طلب کر لیا۔عدالت نے خواجہ برادران کے جوڈیشل ریمانڈمیں 10 روز کی توسیع کرتے ہوئے سماعت 9 دسمبر تک ملتوی کردی ۔
واضح رہے کہ11 دسمبر 2018 کو لاہور ہائی کورٹ نے مسلم لیگ ن کے رہنماؤں خواجہ سعد رفیق اور ان کے بھائی سلمان رفیق کی عبوری ضمانت خارج کردی تھی، جس کے بعد قومی احتساب بیورو (نیب) نے دونوں بھائیوں کو حراست میں لے لیا تھا۔خواجہ برادران کو پیراگون ہاؤسنگ اسکینڈل میں گرفتار کیا گیا تھا۔ خواجہ برادران پیراگون ہاؤسنگ اسکینڈل سمیت 3 مقدمات میں نیب کو مطلوب تھے۔