پی سی بی ہوم سیریز ہوم گراؤنڈز پر کھیلنے کے فیصلے پر قائم

پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) ہوم سیریز ہوم گراؤنڈز پر کھیلنے کے فیصلے پر قائم ہے۔ پی سی بی کا کہنا ہے کہ اب پاکستان اپنی ہوم سیریز بیرون ملک نہیں کھیلے گا۔

سری لنکا کے خلاف اگلے ماہ شیڈولڈ دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے بعد پاکستان نے دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کے لیے بنگلہ دیش کی میزبانی کرنا ہے، یہ ٹیسٹ میچز بھی انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہیں۔

گزشتہ چند روز سے بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کے حوالے سے مختلف تحفظات کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

اس حوالے سے پی سی بی کا کہنا ہے کہ پی سی بی ہوم سیریز ہوم گراؤنڈ پر کھیلنے کے فیصلے پر قائم ہے، اس میں اب کوئی تبدیلی نہیں آسکتی۔ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کو سیریز کا ابتدائی خاکہ بھجوا دیا ہے۔ سیریز کے پہلے مرحلے میں دو ٹیسٹ جبکہ دوسرے مرحلے میں ٹی ٹوئنٹی میچز ہوں گے جس کے بعد پی ایس ایل فائیو ایڈیشن پاکستان میں کھیلا جائے گا۔

پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ بنگلہ دیش سیکورٹی وفد نے تین سیریز کے لیے سیکورٹی پلان کا جائزہ لیا، انڈر 16 اور ویمن ٹیموں کے دورے ہو چکے۔ اب بنگلہ دیش ٹیم کا دورہ باقی رہتا ہے جو شیڈول کے مطابق ہونے کے لیے پر اُمید ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی نے اگر اب پالیسی بدلی تو اس کے پی ایس ایل اور دوسری سیریز پر منفی اثرات مرتب ہوں گے۔ بنگلہ دیش کی ٹیم اگر پاکستان کا دورہ نہیں کرتی تو اُسے پوائنٹس کھونا پڑیں گے۔