پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کا تربیتی کیمپ کراچی میں جاری

نگلینڈ کیخلاف سیریز کی تیاریوں کے لیے پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کا تربیتی کیمپ کراچی میں جاری ہے۔

قومی کرکٹرز انگلش ٹیم سے نبرد آزما ہونے کے لیے بھرپور انداز میں تیاریاں کررہی ہیں، آل راؤنڈر عالیہ ریاض کا کہنا ہے کہ انگلینڈ کو پہلے ہراچکے ہیں، ٹیم اب پہلے سے بہتر ہے، دوبارہ بھی انگلینڈ کو ہراسکتے ہیں۔

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تین ٹی ٹوینٹی اور تین ون ڈے پر مشتمل سیریز آئندہ ماہ ملائیشیا میں ہوگی۔
سیریز کی تیاری کے لیے 20 کھلاڑیوں کا تربتی کیمپ کراچی میں جاری ہے، پیر کو بھی پلیئرز نے بھرپور انداز میں ٹریننگ کی ۔ صبح کے سیشن میں پہلے ایک گھنٹہ فیلڈنگ پریکٹس کی ، پھر ٹارگیٹیڈ پریکٹس ہوئی، شام کے سیشن میں پلیئرز نے نیٹ پریکٹس کی ۔

ٹیم کے بولنگ کنسلٹنٹ سلیم جعفر نے فاسٹ بولرز کے ساتھ علیحدہ سیشن کیا، جس میں ان کو مختلف ورائٹیز کی بولنگ کا بتایا۔

انہوں نے فاسٹ بولرز کو یارکرز اور سلوور ون کرانے کی خصوصی ٹریننگ دی۔

دوسری جانب ٹیم کی آل راؤنڈر عالیہ ریاض کا کہنا ہے کہ پاکستان ٹیم پہلے سے بہتر ہوچکی ہے، انگلینڈ کو ہراچکے ہیں دوبارہ ہرانے کی صلاحیت ہے، انگلش پلیئرز سے نبرد آزما ہونےکے لیے اُن کی ویڈیوز بھی دیکھی ہیں