فرسٹ کلاس میچز کو پی ایس ایل جیسی اہمیت دی جائے، نوجوان کرکٹر کی خواہش

پاکستانی کرکٹر حسان خان نے فرسٹ کلاس میچز کو بھی پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) جیسی اہمیت دینے کی خواہش کا اظہار کردیا۔

کراچی میں قائدِ اعظم ٹرافی کے میچ کے دوران پریس کانفرنس کرتے ہوئے حسان خان کا کہنا تھا کہ یہ سچ نہیں ہے کہ ہم چار روزہ کرکٹ کو اہمیت نہیں دیتے۔

حسان خان کا ماننا ہے کہ فرسٹ کلاس میچ کھیلنا پی ایس ایل کا میچ کھیلنے سے زیادہ اہم ہے۔

یاد رہے کہ حسان خان اس وقت نگاہوں کا مرکز بن گئے تھے جب پی ایس ایل 2018 کے دوران انہوں نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے کھیلتے ہوئے میچ فتح گر پرفارمنس کا مظاہرہ کیا تھا۔

ایک برس بعد انہوں نے لاہور قلندرز کی نمائندگی کی تھی تاہم اس ایونٹ میں وہ خاطر خواہ کارکردگی نہیں دکھا سکے تھے۔

پریس کانفرنس کے دوران حسان خان نے کہا کہ یہ تاثر بالکل غلط ہے کہ نوجوان کھلاڑی صرف پی ایس ایل یا ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں زیادہ دلچسپی لیتے ہیں
حسان خان نے واضح کیا کہ پی ایس ایل کو دنیا بھر میں دیکھا جاتا ہے اور اسی وجہ سے یہاں دی جانے والی کارکردگی کو نوٹس کیا جاتا ہے۔

اسپنر کا کہنا تھا کہ میرے خیال میں فرسٹ کلاس میچز کو بھی یکساں بڑھاوا دینا چاہیے اور فرسٹ کلاس کرکٹر کی حوصلہ افزائی کے لیے ان کی پرفارمنس کو بھی سراہا جائے۔

بین الاقوامی کرکٹ کے لیے دستک دینے والے حسان خان کہتے ہیں کہ ان کے لیے فرسٹ کلاس کرکٹ میں بہتر کارکردگی ہمیشہ ہی اہمیت کی حامل رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ فرسٹ کلاس کرکٹ وہ جگہ ہے جہاں ایک کھلاڑی کی مہارت کا جائزہ لیا جاتا ہے۔

حسان خان قائد اعظم ٹرافی میں سندھ کی نمائندگی کر رہے ہیں اور جنوبی پنجاب کے خلاف میچ ان کا 8واں فرسٹ کلاس میچ ہے۔

اپنے گزشتہ 7 میچز میں انہوں نے 16 وکٹیں حاصل کی ہیں جبکہ 118 رنز اسکور کیے ہیں جبکہ اس سے قبل وہ انڈر 19 ٹیم کا حصہ بھی رہے