چئیرمین بلدیہ وسطی محمد ریحان ہاشمی کا حق پرست ایم پی اے عباس جعفری کے ہمراہ بلدیہ وسطیٰ کے مختلف پارکس کا دورہ

پارکس میں پودے بھی لگائے، پارکس کو سرسبز و شاداب کرکے عوام کو پارکس کا ذمہ دار بنایا جارہا ہے, ریحان ہاشمی
کراچی :
 چئیرمین بلدیہ وسطیٰ محمد ریحان ہاشمی نے بلدیہ وسطی کے مختلف پارکس کا دورہ کیا اور پارکس میں جاری تزئین و آرائش اور دیگر معاملات کا جائزہ لیا. اس موقع پر حق پرست رکن سندھ اسمبلی سید عباس جعفری اور متعلقہ افسران بھی انکے ہمراہ تھے. ریحان ہاشمی نے پارکس میں پودے بھی لگائے اور باغات سے متعلق دیگر امور کا بھی جائزہ لیا. انہوں نے کہا کہ ضلع وسطی کی ہریالی کی بحالی اور اس میں اضافہ ہمارا اہم ترین مقصد ہے, اس سے قبل جہاں بھی پودے لگائے جاتے تھے لیکن مناسب دیکھ بھال نہ ہونے باعث وہ تباہ ہوجاتے تھے تاہم بلدیہ وسطیٰ کی چئیرمین شپ کا منصب سنبھالنے کے بعد سے ہم نے کوشش کی ہے کہ اہل علاقہ کو ذمہ دار بناکر انھیں ہر ممکن سہولیات فراہم کریں. انہوں نے کہا کہ وسائل کی عدم دستیابی کے باعث ہمیں واٹر ٹینکرز اور باغات کے لیے پانی کی قلت کا سامنا تھا تاہم عوامی شراکت داری نظام کے تحت آج کسی حد تک ہم اپنے باغات کو سرسبز و شاداب رکھنے کے قابل ہوگئے ہیں. انہوں نے کہا کہ عوامی شراکت داری نظام کے تحت ہم یومیہ دو لاکھ گیلن پینے کے پانی کی بچت کر پارہے ہیں اور سیوریج پانی کو ٹریٹ کرکے باغات و سبزے کے لیے استعمال کر رہے ہیں جو انتہائ مفید رہا ہے۔