کوہلی سے میرا موازنہ نہیں، وہ زیادہ تجربہ کار ہیں، بابر اعظم

پاکستان ٹیم کے بیٹسمین بابر اعظم کا کہنا ہے کہ ‏ویرات کوہلی کے ساتھ میرا موازنہ نہیں، وہ زیادہ تجربہ کار اور بڑے کرکٹر ہیں، ‏ جب میں بھی زیادہ تجربہ کار ہو جاؤں تو ضرور کوہلی سے مقابلہ کریں۔

برسبین میں پہلے آسٹریلیا کے ہاتھوں پہلے ٹیسٹ میچ میں شکست کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے بابر اعظم نے کہا کہ آسٹریلیا میں رنز کرنا مشکل ہوتا ہے، میچ میں سنچری میرے کیرئیر کی بہترین اننگز کہی جا سکتی ہے
بابر اعظم کا کہنا تھا کہ ‏آسٹریلیا کی ٹیم ہوم سیریز میں بہت اچھی کرکٹ کھیلتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ‏برسبین ٹیسٹ میں سو کرنے سے میرے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے،تاہم پہلی اننگز میں جلد آؤٹ ہونے کا افسوس ہوا اور دوسری اننگز میں اپنی غلطی کو نہیں دہرایا۔

بابر نے کہا کہ میں نے ‏ دوسری اننگز میں لمبا کھیلنے کا سوچا ہو ا تھا لیکن جلد آؤٹ ہونے سے دکھ ہوا ہے،لمبا کھیلتا تو ٹیم کو فائدہ ہوتا اور آسٹریلیا کو دوبارہ بیٹنگ کرنا پڑتی۔

انہوں نے کہا کہ ‏میں نے ٹیسٹ میچ میں اپنا سو فیصد کھیل پیش کرنے کی کوشش کی، امید ہے کہ اس سنچری کے بعد ایڈیلیڈ میں مزید اعتماد کے ساتھ کھیلوں گا۔

بابر اعظم کا کہنا تھا کہ ‏میں کوہلی سے موازانہ اور مقابلے کا سوچ کر اضافی دباؤ نہیں لیتا، اپنی کرکٹ پر فوکس کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ ٹیم کی ضرورت کے مطابق مجھے جس نمبر پر بھیجا جائے کھیلتا ہوں، میں نے کبھی بیٹنگ نمبر نہیں مانگا، میرا کام پرفارمنس دینا ہے