ہالینڈ میں فٹبال میچ کے دوران نسل پرستی کے خلاف انوکھا احتجاج

یورپی ملک ہالینڈ میں فٹبال میچ کے دوران نسل پرستی کے خلاف انوکھا احتجاج ریکارڈ کروایا گیا۔

مقامی فٹبال لیگ کے میچ کا جیسے ہی آغاز ہوا تو ایس بی وی ایکسلزیئر کلب کے کھلاڑی اپنی جگہ پر ہی کھڑے ہوکر تالیاں بجاتے رہے۔

دریں اثنا اسٹیڈیم میں لگے ایک الیکٹرونک اسکور بورڈ پر پیغام درج تھا کہ’نسل پرستی؟ تو پھر ہم نہیں کھیلیں گے۔‘

میچ دیکھنے کے لیے آئے تمام تماشائیوں نے بھی کھلاڑیوں اور آفیشلز کا بھر پور ساتھ دیا اور کھڑے ہو کر وہ بھی ایک منٹ تک تالیاں بجاتے رہے۔

گزشتہ ہفتے نسل پرستی کا ایک واقعہ فٹبال میچ کے دوران ہی پیش آیا تھا جب ایس بی وی ایکسلزیئر کلب کے فٹبالر احمد مینڈس موریرا پر نسل پرستانہ جملے کسے گئے تھے۔

اس واقعے کے بعد مذکورہ میچ کو دس منٹ کے لیے روک دیا گیا تھا۔