اسلام کے خلاف اشتعال انگیز کارروائیاں کسی صورت قابل قبول نہیں، وزیراعظم

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کی زیر صدارت پی ٹی آئی کور کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں عمران خان نے ناروے میں پیش آنے والے واقعے کی شدید مذمت کی ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے وزارت خارجہ کو او آئی سی سے فوری رابطے کی ہدایت کردی، عمران خان نے کہا کہ وزیر خارجہ او آئی سی میں پاکستان کے تحفظات سے آگاہ کریں۔

کور کمیٹی اجلاس میں فارن فنڈنگ کیس پر بھی مشاورت کی گئی، وزیراعظم نے اپوزیشن کے منفی پروپیگنڈے کا بھرپور مقابلہ کرنے کی ہدایت کردی۔

نمائندہ اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیراعظم نے ڈاکٹر بابر اعوان کو قانونی نکات عوام کے سامنے رکھنے کی ہدایت کی، بابر اعوان آئینی اور قانونی معاملات پر اہم پریس کانفرنس کریں گے۔یاد رہے کہ چند دن قبل ناروے میں اسلام مخالف ریلی میں قرآن پاک کی بے حرمتی کی کوشش کی گئی تھی، جس پر گزشتہ روز پاکستان نے ناروے کے سفیر کو دفتر خارجہ طلب کر کے مذموم واقعے کی شدید مذمت اور احتجاج کیا۔