ے ڈی اے ملازمین اور آفیسرز کی ماہانہ تنخواہوں اور پنشن کی بر وقت ادائیگی پہلی ترجیح ہے : ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات کراچی ڈاکٹر سید سیف الرحمان

کراچی : کے ڈی اے ملازمین اور آفیسرز کی ماہانہ تنخواہوں اور پنشن کی بر وقت ادائیگی پہلی ترجیح ہے جس کیلئے ادارے کی آمدنی بڑھانے کیلئے نقائص سے پاک نظام بنایا جا رہا ہے۔ یہ بات ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات کراچی ڈاکٹر سید سیف الرحمان نے کے ڈی اے مزدور یونین (سی بی اے) کے وفد سے ملاقات میں کہی۔ وفد کے سربراہ عبدالمتین شیخ نے اپنی گفتگومیں ملازمین کے مسائل بیان کرتے ہوئے کہا کہ ملازمین کی تنخواہیں اور پنشن تاخیر کا شکار ہیں جس کی وجہ سے ملازمین سخت اذیت میں مبتلا ہیں۔اس سلسلے میں محکمہ اسٹیٹ کو اپنا کردار ادا کرنا چایئے جس کے تحت کے ڈی اے کی جائیدادوں سے نہ صرف کرایہ وصول کیا جائے بلکہ مارکیٹ ویلیو کے لحاظ سے اس میں خاطر خواہ اضافہ بھی کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ایسے اوپن پلاٹس جس کا فی الحال کوئی مصرف نہیں ہے انہیں نیلامی کے ذریعےفروخت کیا جائے جس سے ایک جانب ادارے کی آمدنی میں اضافہ ہوگا جبکہ دوسری جانب اوپن پلاٹس پر لینڈ مافیا قبضہ نہیں کر پائے گا۔ عبدالمتین شیخ نے مزید کہا کہ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی بیٹرمنٹ چارجز وصول کرتا ہے جو ایک طے شدہ فارمولے کے تحت دیگر اداروں کو منتقل کیا جاتا ہے مگر نا معلوم وجوہات کی بناء پر مذکورہ بیٹرمنٹ چارجز کا حصہ کے ڈی اے کو ادا نہیں کیا جا رہا جس سے نہ صرف ترقیاتی کام متاثر ہو رہے ہیں بلکہ ادارے کی مالی مشکلات میں بھی روز بروز اضافہ ہو رہا ہے۔ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات کراچی ڈاکٹر سید سیف الرحمان نے وفد کے مسائل غور اور تحمل سے سننے کے بعد مزید کہاکہ وہ بیٹرمنٹ چارجز کے معاملے پر حکومت سندھ کو مکتوب تحریر کریں گے۔

 

جس میں کے ڈی اے کو بیٹرمنٹ چارجز کی شیئرنگ کی درخواست کی جائے گی جبکہ دوسری جانب کے ڈی اے کے ذرائع آمدن بڑھانے کیلئے عنقریب اقدامات کئے جارہے ہیں جس کے تحت پارکنگ پلازہ لائنز ایریا کی دکانوں اور دفاتر کا آغاز کیا جارہا ہے۔ ڈی جی کے ڈی اے نے کہا کہ ماضی میں رہائشی اسکیموں کے حوالے سے کے ڈی اے کا نام بہت معتبر تھا جس کی بنیادی وجہ عوام الناس کا حد درجہ اعتماد تھا۔ انہوں نے کہا کہ ادارہ ترقیات کراچی ایک بار پھر سستی رہائشی اسکیم کے ذریعے عوام کی رہائشی ضروریات کی تکمیل کیلئے مصروف عمل ہے۔وفد میں مزدور یونین (سی بی اے) کے جنرل سیکریٹری محمد اشفاق چشتی، نائب صدر غلام نبی شاہ اور دیگر شامل تھے جبکہ اس موقع پر ڈائریکٹر پبلک ریلیشن رئیس تبسم اور پرائیوٹ سیکریٹری ریاض احمد راشد بھی موجود تھے۔