ضلع بھر میں کتوں کی افزائش نسل روکنے کا عمل جاری ہے، ریحان ہاشمی

چیئرمین بلدیہ وسطی ریحان ہاشمی نے ضلع وسطی میں کتوں کی افزائش نسل روکنے کی مہم کا آغاز کردیا۔ فلاحی ادارے کے تعاون سے ضلع وسطی کے مختلف علاقوں میں کتوں کی افزائش نسل روکنے کے حوالے سے ان کو ٹیکے لگانے کے عمل کی نگرانی براہ راست چیئرمین بلدیہ وسطی کی زیر نگرانی جاری رہا اور متعدد مقامات پر کتوں کو بلدیہ ضلع وسطی کی انتظامیہ کی جانب سے رکاوٹی ٹیکہ لگایا گیا۔ اس موقع پر ضلع وسطی کی عوام کی جانب سے نہایت حوصلہ افزا رجحانات دیکھنے میں آئے اور عوامی بہبود کے اس اقدام کی ضلع وسطی کی عوام نے دل کھول کر پذیرائی کی۔

چیئرمین ریحان ہاشمی کے مطابق بلدیہ ضلع وسطی نے اپنی عوام کے تحفظ کی خاطر کتوں کی افزائش نسل روکنے کی مہم کا آغاز کردیا ہے اور لوگوں کے جوش و خروش اور تعاون نے بلدیہ ضلع وسطی کے حوصلوں میں اور اضافہ کردیا ہے۔ ریحان ہاشمی نے مزید کہا کہ شہر میں آوارہ کتوں کی بہتات ہم سب کے لئے لمحہ فکریہ ہونے کے ساتھ باعث خوف بھی ہے لہذا اپنے لوگوں کی بہبود و بہتری کی خاطر بلدیہ ضلع وسطی مستقبل میں بھی ایسے انقلابی اقدامات کوجاری و ساری رکھنے کا مضبوط ارادہ رکھتی ہے۔