میں اس کانفرنس میں موجود تمام طالبات کو بے نظیر بھٹو بنتا دیکھ رہاہوں، سید مراد علی شاہ کا پی اے ایف میوزیم میں کرن ستارہ کانفرنس سے خطاب

کراچی  :  وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے پی اے ایف میوزیم میں کرن ستارہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہماری بچیاں آگے بڑھیں ۔ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو پاکستان کی وزیر اعظم بنی ۔انہوں نے کہا کہ میں اس کانفرنس میں موجودتمام طالبات کو بے نظیر بھٹو بنتا دیکھ رہاہوں۔انہوں نے کہا کہ جب بھی طالبات کو جگہ/مواقع دیئے جاتے ہیں تو وہ طلباء کو پیچھے چھوڑ دیتی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت ہیپاٹائٹس ، ٹی بی اور دیگر بیماریوں کے خلاف لڑ رہی ہے تاکہ سندھ کو ایک صحت مند صوبہ بنایاجاسکے۔

انہوں نے کہا کہ گذشتہ دو دنوں کے دوران محکمہ صحت نے ایک خصوصی مہم کے تحت 18000 لوگوں کو انسداد ٹائیفائیڈ کے انجیکشن لگائیں ہیں اور ہم نے 2 کروڑ انجیکشن لگانے کا ہدف مقرر کیاہے۔مراد علی شاہ نے اپنی تقریر کو ختم کرتے ہوئے کہا کہ وہ سرکاری اسکول کی طالبات کی ایک بڑی تعداد کو یہاں دیکھ کر بہت خوشی محسوس کررہے ہیں ۔