آسٹریلیا کیخلاف اسد شفیق ڈٹ گئے

رسبین میں پاکستانی بلے باز اسد شفیق آسٹریلوی بولنگ کے سامنے ڈٹ گئے  81 اوور میں 8 وکٹ کے نقصان پر ٹیم کا اسکور  227 رنز تک لے گئے ہیں۔
اسد شفیق 76 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں، جبکہ دوسرے اینڈ پر ان کا ساتھ دینے کے لیے ٹیسٹ ڈیبیو کرنے والے نسیم شاہ موجود ہیں۔ 
برسبین میں پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستانی اوپنرز نے 75 رنز کا اچھا آغاز فراہم کیا لیکن بعد میں آنے والا کوئی کھلاڑی خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکا اور آدھی ٹیم 94 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔
برسبین گابا میں کھیلے جارہے پہلے ٹیسٹ میں پاکستانی کپتان اظہر علی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور اوپنر کی حیثیت سے خود شان مسعود کے ساتھ میدان میں اترے۔
پاکستان کی جانب سے دونوں اوپنرز نے ایک اچھا آغاز فراہم کیا اور کھانے کے وقفے تک بغیر کسی نقصان کے اسکور کو 27 اوورز میں 57 رنز تک لے گئے۔
میچ میں کھانے کے وقفے کے بعد پاکستان کی پہلی وکٹ 32 ویں اوور میں گری جب اوپنر شان مسعود 27 رنز بنا کر کمنس کی بال پر اسمتھ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے
شان مسعود کے آؤٹ ہونے کے بعد اگلے ہی اوور میں 75 کے مجموعی اسکور پر کپتان اظہر علی بھی پویلین روانہ ہوگئے، انہیں ہیزل ووڈ نے آؤٹ کیا۔
دونوں سیٹ اوپنرز کے پویلین لوٹ جانے کے بعد کریز پر حارث سہیل اور اسد شفیق نے بیٹنگ کی باگ ڈور سنبھالی مگر آسٹریلوی پیس اٹیک کے سامنے حارث سہیل زیادہ دیر ٹھہر نہ سکے اور صرف ایک رن بنا کر مچل اسٹرک کی گیند پر وکٹ کیپر ٹیم پین کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔
حارث سہیل کے جانے کے بعد آنے والے بابر اعظم بھی ایک رن بنا کر پویلین چلتے بنے، ان کے بعد افتخار احمد 7 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
پاکستان کی آدھی ٹیم کے 94 رنز کے مجموعے پر پویلین لوٹ جانے کے بعد اسد شفیق کا ساتھ دینے کے لیے وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان کریز پر آئے۔
دونوں کھلاڑیوں نے اس نازک صورتحال پر ذمہ داری کا مظاہرہ کیا اور محتاط انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کا اسکور چائے کے وقفے تک 125 رنز تک لے جانے میں کامیاب ہوگئے
پاکستان کے چھٹے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی محمد رضوان تھے جو 37 رنز بنا کر امپائر کے ایک متنازع فیصلے کا شکار ہوئے۔
رضوان کے پویلین لوٹ جانے کے بعد اسد شفیق اور یاسر شاہ نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 84 رنز کی شراکت قائم کی، یاسر شاہ 26 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، ان کے بعد آنے والے شاہین شاہ آفریدی بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔
پاکستان کی جانب سے اسد شفیق 76 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ ہیں جبکہ ان کے ساتھ ڈیبیو کرنے والے نسیم شاہ وکٹ پر موجود ہیں
آسٹریلیا ٹیم کی قیادت وکٹ کیپر بیٹسمین ٹم پین کر رہے ہیں۔ جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں جوبرنز، ڈیوڈ وارنر، مارنس لابوشین، اسٹیو اسمتھ، ٹریوس ہیڈ، میتھیو ویڈ، پیٹ کمنز، مچل اسٹارک، نیتھن لائن اور جوش ہیزل وڈ شامل ہیں۔
اس سےقبل آسٹریلیا نے پاکستان کو 3 ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز میں دو صفر سے ہرایا تھا۔ ایک میچ بارش کے باعث مکمل نہیں ہو سکا تھا۔
دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا آخری اور دوسرا ٹیسٹ میچ 29 نومبر سے شروع ہوگا

اپنا تبصرہ بھیجیں