سی پیک کی تکمیل پاکستان کی اولین ترجیح ہے : وزیرخارجہ

اسلام آباد میں بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے سے متعلق بین الاقوامی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاک چین دوستی دنیا کے لئے ایک مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اورچین باہمی شراکت سے آگے بڑھ رہےہیں۔وزیرخارجہ نے کہا کہ چین کا بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹیو منصوبہ گلوبلائزیشن اور بین الاقوامی ترقیاتی تعاون کا واحداور سب سے مؤثر ذریعہ بن کر ابھرا ہے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ خطے میں پائیدارترقی کے لیے نجی شعبے کی شمولیت بے حد ضروری ہے۔
شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ پاکستان چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے پر عمل درآمد کے لئے پرعزم ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم راہداری کے دوسرے مرحلے میں داخل ہوگئے ہیں جہاں ہم سرمایہ کاروں کے لئے 9 معاشی زون قائم کر رہے ہیں۔وزیرخارجہ نے کہا کہ ہماری توجہ تجارت اور معاشی سرگرمیوں میں اضافہ پر ہے۔ ہم نے سی پیک کے تحت منصوبوں کی تکمیل اور انتظام کے لئے سی پیک اتھارٹی بھی قائم کی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ خطے میں معاہدے ہو رہے ہیں۔
شاہ محمود قریشی نے بھارت کے ساتھ مسائل پر بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے کرتار پور راہداری کھولنے کے خوش آئند اقدام کا جواب بھارت نے بابری مسجد سے متعلق فیصلےسے دیا ۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی سکھ یاتریوں کے مقدس مقامات کی زیارت کے لئے مکمل تعاون کریں گے۔