کتوں کی افزائش نسل روکنے کے لئے سندھ حکومت اقدامات کرے ، میڈیا سے گفتگو

گورنرسندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ صوبہ بھر میں کتوں کے کاٹنے کے کیسز میں اضافہ انتہائی تشویشناک ہے ضرورت اس امر کی ہے کہ سندھ حکومت اس ضمن میں عملی اقدامات کرے ۔ کتوں کی افزائش نسل روکنے کے لئے صوبہ سندھ سمیت پورے ملک میں اقدامات کرنا ہونگے ۔پچھلے ادوار میں کتا مار نے کی مہم چلی جاتی تھی مگر اب کتا مارنے کا معاملہ دو دھاری تلوار بن گیا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے این آئی سی ایچ میں داخل زخمی حسنین کی عیادت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔ گورنرسندھ نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان سندھ کے عوام کے لئے بے حد فکر مند ہیں ان کی ہی ہدایت پر میں آج حسنین کو دیکھنے آیا ہوں ۔ گورنرسندھ نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان نے رکن قومی اسمبلی آفتاب صدیقی کی ذمہ داری لگائی ہے کہ وہ کتوں کے کاٹنے سے زخمی ہونے والے حسنین جس کا تعلق لاڑکانہ سے ہے کی علاج معالجہ میں ہر ممکن مدد کریں ۔ انہوں نے کہا کہ متاثرہ فیملی کے لئے بھی مالی امداد فراہم کی جائے گی ۔ میڈیا کے سوال پر گورنرسندھ کا کہنا تھا کہ این آئی سی ایچ حکومت سندھ کے زیر انتظام ادارہ ہے وہ ہی عملہ کی کمی اور دیگر مسائل کو حل کر سکتے ہیں ۔ گورنرسندھ نے کہا کہ ڈاکٹر ز پوری کوشش کررہے ہیں حسنین جلد از جلد صحتیاب ہو جائے مگر کتے کے کاٹنے سے بچے کا چہرہ اور سر بری طرح متاثر ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت علاج معالجہ کے لئے والدین کو ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی ۔ گورنرسندھ نے کہا کہ کتوں کی تعداد میں اضافہ کو کنٹرول کرنا وقت کی ضرورت ہے اس ضمن میں وفاق ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کو تیار ہے اس سے قبل گورنرسندھ کو ڈاکٹر جمال رضا ڈائریکٹر این آئی سی ایچ نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ حسنین کی حالت قدر بہتر ہے حسنین کو بہترین علاج معالجہ کی سہولیات فراہم کی جارہی ہے جبکہ تجربہ کار اور ماہر ڈاکٹر ز کا پینل بھی تشکیل دے دیا گیا ہے جس کے رائے کے مطابق علاج کیا جا رہا ہے ۔