بھارتی میڈیا اور عدلیہ اکثریت کے زیر اثر ہیں:آر ایس بابو

بھارتی ریاست کیرالہ کی میڈیا اکیڈمی کے چیئرمین آر ایس بابو نے مقبوضہ وادی کشمیر میں میڈیا کی آزادی پر قدغنوں کے حوالے سے پریس کونسل آف انڈیا کے موقف پر مایوسی کا اظہار کیا ہے ۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق آر ایس بابو نے کیرالہ کے دارلحکومت ترواننتھا پورم میں سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی میڈیااس وقت پوری طرح سے زیر اثر ہے اور یہ افسوسناک ہے کہ عدلیہ بھی اکثریت کے اثرات سے مبرا نہیں۔ سیمینار سے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے دیگر لوگوں نے بھی خطاب کیا۔ یاد رہے پریس کونسل آف انڈیا نے مقبوضہ کشمیر میں میڈیا کی آزادی پر پابندیوں کیخلاف بھارتی سپریم کورٹ میں دائر عرضداشت کی مخالفت کرتے ہوئے علاقے میں بھارتی حکومت کے اقدامات کو جائز ٹھہرایا ہے ۔