بھارتی فوجی افسر نے مودی کی گندی ذہنیت آشکار کی : مشال ملک

بھارتی جنرل کی کشمیری خواتین سے متعلق بیان کی مذمت کرتے ہوئے حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشال ملک کا کہنا تھا کہ بھارتی فوجی افسر نے مودی کی گندی ذہنیت آشکار کی۔
کشمیر خواتین کی عصمت دری سے متعلق بھارتی فوجی افسر کے بیان پر شدید ردعمل دیتے ہوئے حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشال ملک کا کہنا تھا کہ آر ایس ایس اور ہندوتوا فسطائی سوچ بے نقاب ہونے لگی ہے، بھارتی فوجی افسر نے مودی کی گندی ذہنیت آشکار کی،مودی سرکار اور حواری جانور کہلانے کے بھی مستحق نہیں ،بھارت106روز سے بدترین تشدد اور لاک ڈاون سے بھی کشمیریوں کا جذبہ ماند نہیں کرسکا ۔مشال ملک کا مزید کہنا تھا کہ کشمیر میں انٹر نیٹ ہے نہ کوئی اور ذرائع مواصلات بحال ،بھارت پھر بھی فضاوں میں آزادی کی پھیلتی مہک سے حواس باختہ ہو چکا،مودی جان لے کشمیری ماوں بہنوں اور بیٹیوں کی آبرو کی حفاظت پر مرمٹنا جانتے ہیں،دنیا بھارت کی ذلیل اور کمینگی کی انتہا اور گندی سوچ کا نوٹس لے ،ایسی گھناونی حرکت بھارتی تابوت میں آخری کیل ثابت ہو گی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بھارتی ٹی وی شو میں بھارتی فوج کے سابق جنرل ایس پی سنہا نے غصے میں خواتین کی موجودگی میں کشمیری خواتین سے زیادتی کی حمایت کی جس پر انہیں پروگرام کی اینکر اور پینل میں شامل دیگر ارکان کی جانب سے شدید مذمت کا سامنا کر نا پڑا لیکن سلسلہ یہاں ہی نہیں تھما بلکہ سوشل میڈیاپرسابق بھارتی جنرل کے بیان کی دنیا بھر میں شدیدمذمت کی جارہی ہے اور صارفین نے بھارتی فوج کے سابق جنرل ایس پی سنہا پر پابندی کا مطالبہ کیا ہے۔