جنگی جرائم کے مرتکب امریکی فوجیوں‌ کی سزا معاف، ٹرمپ کا اعلان

جنگی جرائم کے مرتکب امریکی فوجیوں‌ کی سزا معاف، ٹرمپ کا اعلان
امریکی فوج کے فرسٹ لیفٹیننٹ کلنٹ لورینس نے 2012 میں افغانستان میں تین غیر مسلح افغان شہریوں پر فائرنگ کا حکم دیا تھا جس کے نتیجے میں دو شہری ہلاک ہو گئے تھے۔

اس جرم میں انہیں 19 سال کی سزا دی گئی تھی جس میں سے وہ 6 سال کی سزا کاٹ چکے تھے تاہم اب ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے صدارتی اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے ان کی سزا ختم کردی ہے۔

وائٹ ہاﺅس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ امریکی عوام نے کلنٹ لورینس کو معاف کرنے کی درخواست کی تھی اور ایک لاکھ 24 ہزار افراد نے ایک پٹیشن پر دستخط کر کے وائٹ ہاﺅس کو بھیجا تھا جبکہ کانگریس کے متعدد اراکین نے بھی انہیں معاف کرنے کی درخواست کی تھی۔

ٹرمپ نے اس کے ساتھ ساتھ امریکی فوج کے اعلی سطح کے سابق رکن اور ویسٹ پوائنٹ کے گریجویٹ میٹ گولسٹین کے لیے بھی معافی کا اعلان کیا۔

گولسٹین پر الزام تھا کہ انہوں نے 2010 میں طالبان کے ایک مبینہ بم ساز کو فائرنگ کر کے قتل کردیا تھا، ان کو معافی دینے کے بعد ٹرمپ نے ایک ٹویٹ کی جس میں انہوں نے لکھا کہ گولسٹین امریکی فوج کے ہیرو تھے جنہیں اپنے ہی ملک کی جانب سے سزائے موت دیے جانے کا اندیشہ تھا۔

امریکی صدر نے اس کے علاوہ 15 سالہ نوکری کے تجربے کے حامل نیوی سیل ایڈورڈ گیلاگر کی عہدے سے تنزلی کے حکم نامے کو بھی واپس لے لیا جن پر الزام تھا کہ انہوں نے عراق میں داعش کے زخمی کم سن شدت پسند کو چاقو کے وار سے قتل کردیا تھا اور اس کے علاوہ ان پر متعدد معصوم شہریوں کے قتل کا بھی الزام تھا۔