اقتصادی ترقی فورسز کی کوششوں سے ممکن ہوئی، آرمی چیف

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہاہے کہ سماجی اور اقتصادی ترقی فورسز کی کوششوں سے ممکن ہوئی‘ملک اب امن و استحکام کی طرف آگے بڑھ رہا ہے‘ملک میں دیرپا امن کے لیے اقدامات جاری رکھیں گے۔

اے پی پی کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے بری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے یہاں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران مقبوضہ جموں و کشمیر، مغربی سرحد اور داخلی سلامتی سمیت ملک کی سیکورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے ہیڈکوارٹرز فرنٹیئر کور کے پی کے (نارتھ) کا دورہ کیا اور یادگار شہداءپر پھولوں کی چادر چڑھائی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے فرنٹیئر کور میوزیم اور فورٹ گیلری کا بھی دورہ کیا جسے عوام کے لئے کھول دیا گیا ہے۔

فرنٹیئر کور کے افسران اور جوانوں سے بات چیت کرتے ہوئے آرمی چیف نے سابق فاٹا میں استحکام لانے کے لئے ان کے تعاون کو سراہا۔

چیف آف آرمی اسٹاف نے کہا کہ سکیورٹی فورسز کی کاوشوں کی وجہ سے ملک اب امن و استحکام کی طرف آگے بڑھ رہا ہے۔

صباح نیوز کے مطابق جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ سماجی اور اقتصادی ترقی فورسز کی کوششوں سے ممکن ہوئی‘ملک میں دیرپا امن کے لیے اقدامات جاری رکھیں گے۔