سفاری پارک میں تین روزہ فیملی فیسٹیول بھرپور طریقے سے شروع ہو گیا۔ فیسٹول میں خصوصی بچوں کی تیارکردہ دلکش چیزیں لوگوں کی توجہ کا

سفاری پارک میں تین روزہ فیملی فیسٹیول بھرپور طریقے سے شروع ہو گیا۔ فیسٹول میں خصوصی بچوں کی تیارکردہ دلکش چیزیں لوگوں کی توجہ کا مرکز رہیں.

سفاری فیملی فیسٹول پروفیشنل یوتھ فیڈریشن پاکستان کے تحت کراچی ووکیشنل ٹریننگ سینٹر، ڈی ایچ اے اور دیگر اداروں کے تعاون سے سفاری پارک میں شروع ہو گیا۔ کراچی ووکیشنل ٹریننگ سینٹر کے خصوصی بچوں کی بنائے ہوئے خوبصورت فن پارے اور دلکش چیزیں لوگوں کی توجہ کا مرکز بنی رہیں۔ میلے کا اہتمام کراچی سفاری پارک کے ناریل باغ میں کیا گیا جس کا مقصد اسپیشل بچوں کو معاشرے کا کار آمد شہری بنانے کے حوالے سے عوامی شعور و آگہی کا فروغ ہے۔ وسیع وعریض سبزہ زار پر کراچی ووکیشنل ٹریننگ سینٹر (کے وی ٹی سی) اور دیگر تنظیموں کی جانب سے مختلف اسٹالز لگائے گئے تھے۔ “کے وی ٹی سی” کی جانب سے بلاک پرنٹنگ، اسکرین پرنٹنگ، روبوٹکس، زری ورک، فیس پینٹنگ، لائیو پینٹنگ، پاٹ پینٹنگ وغیرہ کے اسٹالز سجائے گئے تھے، جہاں “کے وی ٹی سی” کے تربیت یافتہ اسپیشل طلباء وطالبات کی ہنرمندی کے شاہکار رکھے گئے۔ مہمانوں کی بڑی تعداد نے ان فن پاروں میں گہری دلچسپی لی اور موقع پر خریداری بھی کی۔ اس موقع پر “کے وی ٹی سی” کی جانب سے “انفارمیشن ڈیسک” کے ذریعے مہمانوں کو اس ادارے کے بارے میں مفید معلومات بھی فراہم کی جارہی تھیں۔ “کے وی ٹی سی” کے اسٹالز میں آرٹ تھراپی کا اسٹال بھی مہمانوں کی توجہ کا مرکز بنا رہا۔ ادارے میں ذہنی عوارض سے دوچار بچوں کو آرٹ کی مختلف سرگرمیوں مثلاً آئسکریم اسٹک پینٹنگ کے ذریعے ڈپریشن، ٹینشن اور احساس کمتری جیسے منفی جذبات سے نجات دلائی جاتی ہے۔
افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی خالد مقبول صدیقی جبکہ مہمان اعزازی وائس ایڈمرل (ر) عزیز اللہ حسینی اور سی ای او کے وی ٹی سی معروف صنعتکار سینیٹر حسیب خان تھے۔ اس موقع پر مہمانوں کو اسٹالز کا دورہ کرایا گیا۔ مہمانوں نے بھی خصوصی بچوں کی صلاحیتوں کو بہت سراہا۔ افتتاحی تقریب میں نعت خوانی اور گائیکی کے مقابلوں کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔ تقریب میں لوگوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی اور اسپیشل بچوں کی صناعی اور ہنرمندی کو دل کھول کر داد دی۔ “سفاری فیملی فیسٹیول” اتوار (17نومبر) تک جاری رہے گا۔