ورلڈ اسنوکر چیمپئن محمد آصف کی وطن واپسی

آئی بی ایس ایف ورلڈ اسنوکر چیمپئن شپ کے فاتح محمد آصف وطن واپس پہنچ گئے ۔

محمد آصف جیسے ہی ایئرپورٹ ٹرمینل سے باہر آئے، قائد اعظم انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا لاؤنج پاکستان زندہ باد اور محمد آصف زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھا
پاکستان بلیئرڈز اینڈ اسنوکر ایسوسی ایشن کے عہدیداران، سندھ اسنوکر ایسوسی ایشن کے نمائندوں اور کراچی کے مقامی اسنوکر پلیئرز نے محمد آصف کو پھولوں کا ہار پہنا کر ان کا استقبال کیا، تاہم ہمیشہ کی طرح اس بار بھی کوئی حکومتی عہدیدار آصف کو خوش آمدید کہنے ایئرپورٹ نہیں پہنچا۔
محمد آصف کا کہنا تھا کہ کمر میں تکلیف کی وجہ سے انہیں کچھ دشواریاں ہوئیں لیکن خوشی ہے کہ انہوں نے تکلیف کو اپنی جیت کی راہ میں آڑے نہیں آنے دیا۔

ان کہنا تھا کہ راؤنڈ آف تھرٹی ٹو میں اسرائیل کے پلیئر کو شکست دے کر انہیں بہت خوشی ہوئی تھی، ایک سوال پر محمد آصف کا کہنا تھا کہ فائنل سے زیادہ مشکل حریف کوارٹر فائنل میں تھائی لینڈ کا تھناوات تھا جس کو ہرانے کے بعد اعتماد کافی بلند ہوا تھا اور یہی وجہ تھی کہ کوارٹر فائنل کے فوری بعد ہونے والے فائنل میں انہوں نے اپنے حریف کو بغیر کوئی فریم ڈراپ کئے سات صفر سے آؤٹ کلاس کردیا تھا۔
پاکستان بلیئرڈز اینڈ اسنوکر ایسوسی ایشن کے چیئرمین عالمگیر شیخ کہتے ہیں کہ انہیں امید ہے کہ اب حکومت ضرور اسنوکر کی جانب توجہ دے گی ۔