اللہ نےحضرت محمدؐ کو تمام جہانوں کیلئے رحمت بنا کر بھیجا: وزیراعلیٰ پنجاب

ملک بھر میں عیدمیلادالنبی ﷺ آج عقیدت و احترام سے منائی جا رہی ہےجبکہ سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے امت مسلمہ کو مبارکباد پیش کی۔ اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ نے نبی کریم حضرت محمدؐ کو تمام جہانوں کیلئے رحمت بنا کر بھیجا،آپؐ کی زندگی کو مجسم قرآن قرار دیا گیا ہے جس میں امت کیلئے مکمل رہنمائی اور ہدایت موجود ہے،حضرت محمدؐ کا کردار اور تعلیمات پوری زندگی کا احاطہ کرتی ہیں۔عثمان بزدار کامزید کہنا تھا کہ محسن انسانیت حضرت محمدؐ اپنے اعلیٰ کردار اور اسوہ حسنہ کے ذریعے دنیا کیلئے ایک مثال بنے،حضوراکرمؐ نے مختصر مدت میں مثالی سماجی اور معاشی نظام دیا،نبی آخرالزماں ؐ نے امن وآشتی،احترام انسانیت، مساوات،عفوودرگزراور عدل و انصاف کا درس دیا۔