وفاقی وزیربحری امورعلی زیدی نے کہاہے کہ فضل الرحمان میرے سر پر نہیں،اپنے سر پر خود سوار ہیں

کراچی(اسٹاف رپورٹر)وفاقی وزیربحری امورعلی زیدی نے کہاہے کہ فضل الرحمان میرے سر پر نہیں،اپنے سر پر خود سوار ہیں ،وزیر اعظم کہہ چکے این آر او نہیں مل رہا تو میں کیا کہوں۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے پی این ایس سی میں سی فریئرزکی تقریب میں شرکت کے موقع پرصحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیرعلی زیدی نے کہاکہ وزیر اعظم نے کہہ دیا کہ میری لاش سے گزرکر این آر او ملے گا،وزیر اعظم الحمد اللہ سلامت ہیں،وزیر اعظم کہہ چکے این آر او نہیں مل رہا تو میں کیا کہوں۔انہوں نے کہاکہ ایک حکومت ہوتی ہے اور ایک کورٹ آف لاء ہوتا ہے ،عدالت کا حکم نہ مانیں تو کیا توہین عدالت کریں۔انہوں نے کہاکہ بڑے لوگ جیل میں بیمار ہیں اللہ نواز شریف کو صحت دے مگر آج بھی کہتا ہوں نواز شریف چور ہے،اگر وکی جمائما کا رشتہ دار ہے تو پتہ نہیں وین ڈیزل کس کا رشتہ دار ہے۔علی زیدی نے کہاکہ وزارت بحری امور کو آٹھ ماہ میں 7 ہزار شکایات موصول ہوئیں،بہت سی غیر متعلقہ درخواستیں بھی آتی ہیں ،شکایات کی صورت میں فون کر کے مجھ سے براہ راست رابطہ کیا جاسکتا ہے۔ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیرکا کہنا تھا کہ بابر غوری کا کیس نیب میں ہے،سمندر میں تیل پھینکنے والا کیس ایف آئی اے تحقیقات کررہی ہے،رپورٹ ملنے پرذمہ داروں کے خلاف کارروائی ہوگی۔