سلام آباد یونائیٹڈ نے پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کے اگلے سیزن سے قبل بڑا قدم اٹھاتے ہوئے ہیڈ کوچ ڈین جونز کو عہدے سے ہٹا دیا ہے۔

سابق آسٹریلین آل راؤنڈ ڈین جونز نے ٹوئٹر پر اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ اسلام آباد یونائیٹڈ کے مالکان سے گفتگو کے بعد انہوں نے اگلے سیزن میں نئے کوچ کے ساتھ جانے کا فیصلہ کیا ہے۔

ڈین جونز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کے اس فیصلے پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مجھے مایوسی ہوئی کیونکہ ہم دو مرتبہ چیمپیئن بنے اور 8 میں سے 6 پلے آف جیتے۔
ن کا کہنا تھا کہ یہ 4سال بہت شاندار رہے، کئی نوجوان کھلاڑی اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے کھیلے اور پھر پاکستان کی نمائندگی کی اور ان کھلاڑیوں کی بدولت ہم نے چیمپیئن شپ جیتیں۔

ڈین جونز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کے سپورٹ اسٹاف کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میں ریحان، حسان اور ڈیرن بیری سمیت تمام افراد کا بہت شکر گزار ہوں اور ہم اس دوران بہت لطف اندوز ہوئے
واضح رہے کہ اس حوالے سے کافی عرصے سے افواہیں زیر گردش تھیں کہ اسلام آباد یونائیٹڈ نے ڈین جونز کو کوچنگ سے ہٹانے کا فیصلہ کر لیا ہے تاہم فرنچائز کی جانب سے اب تک نئے نام کا اعلان نہیں کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق اسلام آباد یونائیٹڈ نئے کوچ کے بارے میں پہلے ہی فیصلہ کر چکی ہے اور دو مرتبہ کی چیمپیئن فرنچائز کے نئے کوچ ممکنہ طور پر قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ، چیف سلیکٹر اور بیٹنگ کوچ مصباح الحق ہوں گے اور اس بارے میں جلد اعلان کردیا جائے گا۔