کور کمانڈرز کانفرنس،قربانیوں کے ثمرات کسی مذموم مقصد کیلئے رائیگاں نہیں ہونے دینگے : آرمی چیف

اسلام آباد، راولپنڈی آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہاہے کہ پاک فوج ملکی اداروں کی مدد کیلئے آئین اور قانون کے تحت تمام تفویض کردہ فرائض انجام دیتی رہے گی۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق گزشتہ روز آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت جی ایچ کیومیں226ویں کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی جس میں ملکی و خطے کی سکیورٹی صورتحال، داخلی سلامتی، مشرقی سرحد، جیو سٹریٹجک حالات، ایل او سی اور مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا جبکہ عزم کا اعادہ کیا گیا کہ تمام خطرات کیخلاف ہر حال میں ملک کا دفاع کرینگے ۔ کور کمانڈرز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان کی بہتر امن واستحکام کی صورتحال قوم، قومی اداروں اور افواج پاکستان کی قربانیوں کی مرہون منت ہے اور ان قربانیوں کے ثمرات کو کسی بھی مذموم مقصد کیلئے رائیگاں نہیں ہونے دینگے ۔پاک فوج ملکی اداروں کی مدد کیلئے آئین اور قانون کے تحت تمام تفویض کردہ فرائض انجام دیتی رہے گی۔ افواج پاکستان مشرقی سرحد اور ایل او سی سمیت ہر قسم کے چیلنج سے نمٹنے کیلئے تیار ہیں۔ اہم قومی معاملات پر تمام سٹیک ہولڈرز میں مسلسل ہم آہنگی دشمن قوتوں کو شکست دینے کیلئے انتہائی ضروری ہے ۔