تیز گام ایکسپریس بڑے حادثے سے بال بال بچ گئی

تیز گام ایکسپریس بڑے حادثے سے بال بال بچ گئی ، ٹریک پرفش پلیٹ کھلی ہوئی تھی نشاندہی پر ٹرین کو کریکر فائر کرکے روکا گیا ، ریپئرنگ کے بعد ٹریک بحال کردیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق تیز گام ایکسپریس ایک بار پھر بڑے حادثے سے بال بال بچ گئی ، سجانپور کے قریب ٹریک پر فش پلیٹ کھلی ہوئی تھی ، ٹرین کی آمد سے چند لمحے قبل پٹرولنگ آفیسر نے فش پلیٹ کھلی دیکھی ، جس کے بعد تیز گام ایکسپریس کو کریکر فائر کرکے روکا گیا۔

ریپئرنگ کے بعد ٹریک کو بحال کردیا گیا ہے اور ٹرین راولپنڈی کی جانب روانہ ہوگئی ہے۔

گذشتہ روز بھی لودھراں اسٹیشن پر سکھر ایکسپریس میں اچانک آگ بھڑک اٹھی تھی ، آگ لگنےکےواقعےمیں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ، لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت بجھادی اور ٹرین جیکب آباد روانہ کردی گئی تھی۔یاد رہے لیاقت پور میں کراچی سے پنڈی جانے والی تیزگام میں خوفناک آگ سے چوہتر افراد زندہ جل گئے تھے اور درجنوں زخمی ہوئے تھے، واقعے کی بنیادی وجہ گیس سلنڈر کا پھٹنا قرار دیا گیا تھا، متاثرہ بوگیوں میں زیادہ ترتبلیغی جماعت کے لوگ سوار تھے۔

ٹرین عملہ کاکہنا تھا کہ چلتی ٹرین میں کئی افراد نےچھلانگ لگا کرجان بچانےکی کوشش میں شدید زخمی ہوئے، درجنوں زخمی مسافروں کو بہاولپور، رحیم یار خان ، ملتان ،احمد پور شرقیہ کےمختلف اسپتالوں میں منتقل کیاگیا جبکہ اب بھی متعددافراد کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔