میئر کراچی وسیم اختر اوروائس میئر چنگ ڈاﺅ کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر گورنرہاﺅس میں دستخط چنگ ڈاﺅ کی چائنا کی صنعت میں خصوصی حیثیت ہے ، گورنرسندھ کی میڈیا سے گفتگو

گورنرسندھ عمران اسماعیل سے چائنا کے شہر چنگ ڈاﺅ کے وائس ایگزیکٹیو میئر Xue Qingguo کی گورنرہاﺅس میں ملاقات ۔ ملاقات میں تجارت ، سرمایہ کاری سمیت دیگر دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ اس موقع پر میئر کراچی وسیم اختر اور وائس میئر Xue Qingguo کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوئے جس کے تحت تجارت ، سائنس اینڈ ٹیکنالوجی ، ثقافتی ، پورٹس ، سیاحت اور دیگر شعبوں میں مزید تعاون بڑھانے پر کام کیا جائے گا ۔ تقریب میں چائنیز وفد سمیت چیئر مین سرمایہ کاری بورڈ زبیر گیلانی ، سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف فردوس شمیم نقوی ، سندھ اسمبلی میں پی ٹی آئی کے پارلیمانی لیڈر حلیم عادل شیخ اور دیگر نے شرکت کی ۔تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنرسندھ نے کہا کہ چنگ ڈاﺅ اور کراچی کے درمیان تعاون بڑھانے کی یاد داشت پر دستخط خوش آئند ہے۔ اس یاد داشت کے توسط سے نہ صرف شہر کراچی بلکہ پورے صوبے اور ملک کو فائدہ ہوگا۔ چائنا میں پیداواری لاگت میں اضافے کی وجہ سے چائنیز کمپنیوں کا رخ خطے کے دوسرے ممالک کی طرف ہورہا ہے۔ پاکستان اس موقعے سے فائدہ اٹھاتے ہوئے چائنیز کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے کی دعوت دے رہا ہے۔ چنگ ڈاﺅ شہر کی چائنا کی معیشت میں خصوصی حیثیت ہے۔ اس شہر کے ساتھ تعاون سے پاکستان کے معاشی مرکز کراچی کو بہت فائدہ ہوگا۔ ایک سوال کے جواب میں گورنر سندھ نے کہا کہ کراچی کے مسائل کا حل میئر کو اختیارات کی منتقلی ہے۔ ٹیکس کے بارے میں کئے گئے سوال پر گورنرسندھ نے واضح کیا کہ موجودہ حکومت نے کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا صرف پہلے سے نافذ ٹیکس کی وصولیابی یقینی بنائی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکس نیٹ کو بڑھانا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے ۔معیشت کے بارے کئے گئے سوال پر گورنرسندھ کا کہنا تھا کہ پاکستان دنیا کی ابھرتی ہوئی معیشت ہے ، موجودہ حکومت کی موئثر معاشی پالیسی کی بدولت بہت جلد پاکستان ایک نئی معاشی قوت بن کر دنیا کے سامنے آئے گا ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ چنگ ڈاﺅ اور کراچی کے درمیان سرمایہ کاری ،تجارت ، کاروبار اور دیگر امور کے معاہدوں کی یادداشت پر دستخط سے شہری جدید ٹیکنالوجی سے بھرپو ر مستفید ہونگے ، پاک چین عظیم دوستی اس معاہدہ کے بعد مزید اہمیت اختیار کرجائے گی کیونکہ پاک چین معاہدے نہ صرف ملکی سطح بلکہ شہروں کی سطح پر بھی ہو رہے ہیں جو کہ خطہ کی ترقی، عوام کا معیار زندگی اور روزگار کے ساتھ ساتھ غربت کے خاتمہ کے لئے انتہائی ناگزیر ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ چین نے دنیا بھرمیں تیزی سے ترقی کرکے ایک مثال قائم کی ہے ہمیں چین کی جدید ٹیکنالوجی سے بھرپور استفادہ حاصل کرنے کی ضرورت ہے آج کے معاہدوں کی یادداشت سے شہر ترقی کی نئی راہ پر گامزن ہو سکے گا ہماری پوری کوشش یہی ہے کہ ملک کے اقتصادی حب کو جدید سہولیات سے آراستہ کیا جائے اس ضمن میں چین کی جدید ٹیکنالوجی اہمیت کی حامل ہوگی ۔