خدمت کی سیاست کو اربوں کھربوں روپے بنانے والا منافع بخش کاروبار بنادیا گیا ہے:الطاف شکور

خدمت کی سیاست کو اربوں کھربوں روپے بنانے والا منافع بخش کاروبار بنادیا گیا ہے:الطاف شکور
ساہیوال کے واقعہ نے ثابت کردیا کہ غریب کے لئے قانون الگ اور بااثر کے لئے الگ ہے
عوام مفاد پرست سیاستدانوں کی سازشوں کو سمجھیں اور اپنے حقوق کے لئے متحد ہو جائیں
پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی عوام کو ان کے حقوق دلانے کی جو جدوجہد کررہی ہے وہ جاری رہے گی
آئی جی سندھ عوام کو بلاوجہ تنگ کرنے والے پولیس میں موجود کالی بھیڑوں کا نکال باہر کریں: سردار ذوالفقار
یارو گوٹھ سرجانی ٹاؤن کے زیر اہتمام جلسہ سے پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے چیئرمین الطاف شکور،جنرل سیکریٹری کراچی سردار ذوالفقار و دیگر رہنماؤں کا خطاب

کراچی ( ) پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے چیئرمین الطاف شکور نے کہا ہے کہ خدمت کی سیاست کو اربوں کھربوں روپے بنانے والا منافع بخش کاروبار بنادیا گیا ہے۔ کراچی کو چارٹر سٹی کا درجہ دیا جائے اور موجودہ مسائل سے مکمل چھٹکارے کے لئے متناسب نمائندگی کی بنیاد پر انتخابات کرائے جائیں۔ ساہیوال کے واقعہ نے ثابت کردیا کہ غریب کے لئے قانون الگ اور بااثر کے لئے الگ ہے۔عوام کو کبھی فرقوں اورکبھی زبانوں کی بنیاد پر آپس میں لڑایا جاتا ہے۔ عوام مفاد پرست سیاستدانوں کی سازشوں کو سمجھیں اور اپنے حقوق کے لئے متحد ہو جائیں۔جب عوام یکجا ہوکراپنے گھروں سے نکلیں گے توکوئی مائی کا لعل عوام کو حقوق دیئے بغیر حکمرانی نہیں کرسکے گا۔پانی گیس،بجلی عوام کا بنیادی حق ہے جو بغیر مانگے عوام کو ملنا چاہئے۔ اقتدار کے ایوانوں میں پہنچنے والے الیکٹ ا یبل عوام سے ہرگز مخلص نہیں جو مرسیڈیز اور طیاروں میں گھومتے ہیں،ملک میں بھی محلات اور فارم ہاؤس رکھتے ہیں اور امریکہ،یورپ اور دبئی میں ان کی بڑی بڑی جائیدادیں ہیں۔ عوام کا بجٹ عوام پر خرچ کرنے کے بجائے ذاتی اکاؤنٹس بھرے جارہے ہیں۔پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی عوام کو ان کے حقوق دلانے کی جدوجہد کررہی ہے۔ عوام کے درمیان سے مخلص و محب وطن شہریوں کو حکومتی ایوانوں میں پہنچا کر عوام کو ان کے حقوق دلائیں گے۔وہ پاسبان یاروگوٹھ سرجانی ٹاؤن کے زیر اہتمام مسجد فیضان عمر U-5 اسٹاپ پر منعقدہ جلسہ سے خطاب کررہے تھے۔اس موقع پر پاسبان کراچی کے جنرل سیکریٹری سردار ذوالفقار،کراچی کے نائب صدر محمد حامد صدیقی،ڈسٹرکٹ سینٹرل کے سینئر رہنما لیاقت علی، نیو کراچی کے صدر سید رضوان الحق، یارو گوٹھ کے جنرل سیکریٹری محمد حامد و دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔ پاسبان کراچی کے جنرل سیکریٹری سردار ذوالفقار نے اپنے خطاب میں کہا کہ یارو گوٹھ کے مکینوں کو اپنا ذاتی مکان بنانے تک کے لئے پولیس میں موجود کالی بھیڑوں کو بھتہ دینا پڑتا ہے۔ آئی جی سندھ عوام کو بلاوجہ تنگ کرنے والے پولیس میں موجود کالی بھیڑوں کا نکال باہر کریں۔ محکمہ گیس کے اعلیٰ حکام گیس کی فراہمی کے لئے عملی اقدامات کریں بصورت دیگر پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی یارو گوٹھ کے عوام کوساتھ لیکر سوئی سدرن گیس کمپنی کے دفتر تک مارچ اور گھیراؤ کی حکمت عملی مرتب کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ عوام بلدیاتی انتخابات کی تیاریاں کرلیں۔پاسبان اس علاقے کے عوام کی رائے سے ہی اپنے نمائندے بلدیاتی انتخابات میں کھڑے کرے گی۔محمد حامد صدیقی نے کہا کہ پاسبان واحد سیاسی جماعت ہے جس نے عوام کو حوصلہ اور ہمت دی ہے تاکہ عوام اپنے مسائل کے حل کے لئے بلاخوف و خطر نکلیں اور بنیادی حقوق کو سلب کرنے والے حکمرانوں سے اپنا حق چھین کر حاصل کریں۔ پاسبان نیوکراچی کے صدر سیدرضوان الحق نے کہا کہ یارو گوٹھ سے ووٹ لینے والے عوامی نمائندے آج کہاں ہیں؟ آج پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی آپ کی مدد کے لئے آپ کے علاقے میں موجود ہے جبکہ ووٹ لینے والے غائب ہیں۔ عوام اب اپنے ووٹ کا استعمال سوچ سمجھ کر کریں گے۔ ان لوگوں کو منتخب کریں گے جو اقتدار ملنے کے بعد بھی آپ کے درمیان ہوں گے اور آپ کو مسائل کے انبار سے نجات دلاسکیں گے#

جاری کردہ:پاسبان پریس انفارمیشن سیل
محمود خان تاجک:پریس سیکریٹری 0323-2002142
(یہ خبر آپ کے اخبار کے ای میل ایڈریس پر بھی ارسال کردی گئی ہے)