میں اپنی زندگی کی گارنٹی نہیں دے سکتا توکسی اور کی کیسے دوں : وزیراعظم

وزیراعظم عمران خان نے آج باباگرونانک یونیورسٹی کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔ اس موقع پرتقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ دنیا کے کسی معاشرے نے تعلیم کے بغیر ترقی نہیں کی ۔ ماضی میں ہمارے سربراہان نے تعلیم کو اہمیت نہیں دی جس سے ہم پیچھے رہ گئے، ایک وقت تھا کہ تعلیم میں ہم سب آگے تھے ۔وزیراعظم نے کہا کہ گرونانک یونیورسٹی میں جدید تعلیم دی جائے گی ۔ یہ یونیورسٹی ایسی ہو گی جہاں بیرون ممالک سےسکھ برادری اوریہاں کےلوگ بھی تعلیم حاصل کرسکیں، وزیراعظم نے کہا سب سے زیادہ کرپشن اوقاف کی زمینوں پر ہورہی ہے، جتنی بھی اوقاف کی زمینیں ہیں ان پر ہسپتال اور درسگاہیں بنائی جائیں ،اولیا نے اپنی ساری زندگی انسانوں کے لیے گزاری ۔وزیراعظم نے کہا ہمارے کئی مخالف کہتے ہیں آپ نے کرتارپور راہداری کیوں کھولی ہے ،بھارت مقبوضہ کشمیر میں مظالم کر رہاہے ،ہمارےجتنے بھی تعلقات خراب ہوں گرونانک کےعقیدت مندوں کوروکنانہیں چاہیے کیونکہ کرتار پور سکھ برادری کا مدینہ اور ننکانہ ان کا مکہ ہے ۔ وزیراعظم نے کہا کہ دنیا کی تاریخ کسی امیر انسان کو یاد نہیں رکھتی ، دنیا انسانوں کی خدمت کرنےوالوں کو یاد رکھتی ہے وزیراعظم نے کہا کہ نواز شریف کی صحت سے متعلق عدالت نے سوال کیا کہ آپ ان کی زندگی کی گارنٹی لے سکتے ہیں یا نہیں ، میں اپنی زندگی کی گارنٹی نہیں دے سکتا کسی اورکی کیسے دوں۔زندگی اللہ کے ہاتھ میں ہے ہم نے نواز شریف کو بہترین سہولیات دی ہیں ۔ ہم صرف کوشش کر سکتے،انسان کسی کی زندگی اور موت کی ضمانت نہیں دے سکتا۔وزیراعظم نے کہا کہ بلیک میل کریں یا آزادی مارچ ، جب تک میں زندہ ہوں کسی کو این آر اونہیں ملے گا ۔وزیراعظم بننے کے پہلے دن ہی کہا تھا کہ ایک دن پاکستان کاساراکرپٹ اکھٹاہوجائےگا۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہماری حکومت نےپہلےسال جتناٹیکس اکٹھا کیا آدھا انکےلیےگئےقرضوں کی ادائیگی میں چلا گیا۔ ملک سے طبقاتی نظام کو ختم کریں گے ۔ان سب کو معلوم تھا ملک کو کنگال کر کے گئے ہیں قرضہ 6 ہزار ارب سے تیس ہزار ارب تک پہنچا دیا ، وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پی آئی اے ،ریلوے سب اداروں میں تاریخی خسارے تھے،کہیں کہتے ہیں یہ یہودی لابی کے ہیں ،کہیں مہنگائی کی وجہ بتاتے ہیں ۔ وزیراعظم نے کہا کہ عالمی بینک کی رپورٹ آئی کہ پاکستان نےخطے میں سب سےزیادہ کاروبارمیں آسانی کااقدام کیا۔وزیراعظم نے اپنے خطاب میں وزیر تعلیم پنجاب شفقت محمود کی بھی تعریف کی ۔
واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان بابا گرونانک کے جنم دن کے موقع پر کرتار پورراہداری منصوبے کا افتتاح 9 نومبر کو کریں گے۔ تاہم آج ننکانہ صاحب میں باباگرونانک یونیورسٹی کا سنگ بنیاد رکھا گیا ہے ۔