لبنان میں حکومت کے خلاف مظاہرین کا نیا انداز

لبنان میں حکومت مخالف احتجاج کے دوران مظاہرین نے بچوں کے مقبول ترین نغمے ’بے بی شارک‘ کو پسندیدہ ترانہ بنا دیا۔

لبنان میں وزیراعظم سعد الحریری کی پالیسیوں، مہنگائی اور نرخوں میں اضافے پر پرتشدد مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے، اس دوران ایک خاتون اپنے بچے کے ہمراہ گھر جارہی تھیں کہ مظاہرین کا مجمع اور شور شرابہ دیکھ کر اس کا 15 ماہ کا بیٹا پریشان ہو کر رونے لگا، جس پر خاتون نے مظاہرین سے خاموش رہنے کی التجا کی تاکہ بچہ خوفزدہ نہ ہو۔

مظاہرین نے بھی معاملے کی سنگینی کو سمجھتے ہوئے نعرے بازی کرنے بجائے کورس کی شکل میں دنیا میں بھر میں مقبول بچوں کا نغمہ ’بے بی شارک‘ گانا شروع کردیا اور یوں بچے نے نہ صرف رونا بند کردیا بلکہ محظوظ ہونے لگا۔

سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ویڈیو کا وائرل ہونا تھا کہ لبنان میں جہاں جہاں مظاہرین جمع ہیں وہ سب لہک لہک کر بے بی شارک گا رہے ہیں اور ایسا لگتا ہے کہ جیسے یہ گانا احتجاجی مظاہرین کا ترانہ بن گیا ہے جس سے پرتشدد مظاہروں میں خوشگوار موڑ آگیا ہے