ناردرن قومی ٹی 20 کپ کا چیمپئن بن گیا

قومی ٹی ٹوئنٹی کپ کے فائنل میں عماد وسیم کی قیادت میں ناردرن نے بلوچستان کو 52 رنز سے ہرا کر ٹائٹل جیت لیا
فیصل آباد میں فائنل میچ میں بلوچستان نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ ناردرن کے اوپنرز عمرامین اور علی عمران نے ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کیا۔

ناردرن کی پہلی وکٹ 46 رنز پر اس وقت گری جب علی عمران 16 رنز بنا کر یاسرشاہ کی گیند پرکیچ آؤٹ ہوئے۔

دوسری وکٹ اوپنر عمر امین کی گری اس وقت ٹیم کا مجموعی اسکور 95 تھا، عمر امین نے 38 گیندوں پر 60 رنز بنائے، ان کی اننگز میں 3 چھکے اور 6 چوکے شامل تھے۔

ناردرن کی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹ پر 167 رنز اسکور کئے، جس میں 6 چھکے اور12 چوکے شامل تھے۔

بلوچستان کے بولر عمادبٹ اور حسین طلعت نے دو،دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ یاسر شاہ نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

ہدف کے تعاقب میں بلوچستان کی پوری ٹیم 18.2 اوورز میں 115 رنز ہی بنا سکی، ٹیم کے 7 کھلاڑی ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہوسکے
بلوچستان کی طرف سے سب سے زیادہ 32 رنز عمران فرحت نے بنائے۔

60 رنز کی تیز اننگز کھیلنے پر عمر امین میچ کے بہترین کھلاڑی جبکہ وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے