ضلع وسطی کی تمام گرین بیلٹوں کو مستقل طور پر سرسبز و شاداب بنانے کا عزم

چئیرمین بلدیہ ضلع وسطی ریحان ہاشمی نے ضلع وسطی کی تمام گرین بیلٹوں کو مستقل طور پر سرسبز و شاداب بنانے کا عزم کرلیا ہے جمعرات کی صبح معمول کے مطابق چئیرمین بلدیہ وسطی ریحان ہاشمی ڈسٹرکٹ سینٹرل کے مختلف علاقوں، پارکوں اور شاہراہوں کے دورے پر تھے۔ اس موقع پر چئیرمین بلدیہ وسطی نے ناظم آباد بقائی ہسپتال کے نزدیک واقع گرین بیلٹ کا بھی معائنہ کیا جس پر پبلک پرائیوٹ پارٹنر شپ کے زیر اہتمام ہمدرد فاوئنڈیشن کے تعاون سے تزئین و آرائش کام کیا گیا ہے۔   ریحان ہاشمی نے ضلع وسطی میں واقع تمام گرین بیلٹوں کی تعمیر و مرمت کے حوالے سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ بلدیہ ضلع وسطی اپنے محدود اختیارات و وسائل کے باوجود ڈسٹرکٹ سینٹرل کی حالت زار سدھارنے کے لئے پرعزم ہے اور اس ہی مقصد کی تکمیل کی خاطر مختلف رفاعی و فلاحی اداروں ، این جی اوز اور مخیر حضرات کے تعاون سے پورے ضلع وسطی میں تعمیری و مثبت سرگرمیاں جاری ہیں  چئیرمین بلدیہ ضلع وسطی نے مزید کہا کہ ڈسٹرکٹ سینٹرل کے رہائشی اس امر سے بخوبی واقف ہیں کہ حق پرست بلدیاتی نمائندگان بلا تفریق رنگ و نسل خدمت انسانیت کے مشن پر عمل پیرا ہیں اور وہ وقت دور نہیں جب ضلع وسطی پھر سے اپنی پوری آب و تاب کے ساتھ پورے شہر میں ممتاز و جداگانہ حیثیت کا حامل ہوگا ریحان ہاشمی نے اس موقع پر مختلف لوگوں اہل علاقہ سے ملاقات بھی کی اور ان سے مختلف معاملات پر مشاورت اور تبادلہ خیال بھی کیا


اپنا تبصرہ بھیجیں