کپتانی کا بوجھ ڈال کر ہم بابر اعظم کے کیریئر سے کھیلنے جا رہے ہیں

فاسٹ باﺅلر نسیم شاہ اور موسی خان کو آسٹریلیا کی سخت کنڈیشن میں بناءکسی منصوبہ بندی کے جھونکا جارہا ہے
فیصل جاوید کا کہنا ہے کہ ہم قومی ٹیم کے نوجوان اور ابھرتے ہوئے بلے باز بابراعظم کے کیرئیر سے کھیلنے جا رہے ہیں۔ایک طرف جہاں دورہ آسٹریلیا کےلئے منتخب ٹیسٹ اور ٹی 20سکواڈ پر سوالات کیے جارہے ہیں وہیں سینیٹر فیصل جاوید بھی میدان میں آگئے ہیں، وکٹ کیپر سرفراز احمد کو کپتانی سے ہٹائے جانے پر بھی فیصل جاوید نے سوشل میڈیا پر بورڈ کے فیصلے پر شدید تنقید کی تھی اور اب ان کا دورہ آسٹریلیا کےلئے منتخب ٹیم پر خیال ہے کہ یہ کسی طور بھی مناسب اور متواز ن سکواڈ نہیں لگتا۔
سینیٹر فیصل جاوید کے مطابق ماضی میں آسٹریلیا میں پاکستان کی بڑے ناموں کے ساتھ کھیلنے والی ٹیموں کو خالی ہاتھ لوٹنا پڑا تھا، لگتا ہے کہ مصباح الحق کو یہ سب یاد نہیں، حیران ہوں کہ مصباح خود بطور کپتان دو سال قبل آسٹریلیا میں تین ٹیسٹ ہارنے کے باوجود ایسے فیصلے کیسے کر سکتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ بابر اعظم پر انہیں ترس آرہا ہے، وہ ہمارا ایک اہم بیٹس مین ہے، اور ہم قیادت کا بوجھ ڈال کر اس کے کیرئیر سے کھیلنے جارہے ہیں۔

فیصل جاوید کہتے ہیں کہ مصباح الحق کے فیصلوں میں جھول نمایاں طور پر محسوس کیا جا سکتا ہے، انہیں خدشہ ہے کہ فاسٹ باﺅلر نسیم شاہ اور موسی خان کو آسٹریلیا کی سخت کنڈیشن میں بناءکسی منصوبہ بندی کے جھونکا جارہا ہے۔سینٹر فیصل جاوید کہتے ہیں کہ آسٹریلیا کا دورہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے، ابھی سری لنکا کی سیریز کے زخم تازہ ہیں، ایسے میں آسٹریلیا میں ٹیم پاکستان کی جانے سے قبل ہی مشکلات عیاں ہیں۔