پاک بھارت کرکٹ شائقین کے دل ملنے لگے

پاکستان اور بھارت کے درمیان جاری کشیدگی کی وجہ سے دونوں ممالک کے درمیان مستقبل قریب میں کرکٹ روابط تو بحال ہوتے دکھائی نہیں دیتے لیکن کرکٹ شائقین کے دل ضرور ملنے لگے ہیں۔
پاکستان نے آخری مرتبہ 2007ء میں بھارت کا مکمل دورہ کیا تھا جبکہ دونوں ممالک کے درمیان دسمبر 2012ء میں بھارت میں ہی 3 ون ڈے اور 2 ٹی ٹوئنٹی پر مشتمل سیریز کھیلی جاچکی ہے۔
علاوہ ازیں بھارت نے آخری مرتبہ 2006ء میں پاکستان کا دورہ کیا تھا تاہم اکتوبر 2008ء میں ممبئی میں ہونے والے دہشت گرد حملوں کے بعد دونوں ممالک کے درمیان سیاسی محاذ پر حالات کشیدہ رہے ہیں جبکہ بھارت نے پاکستان سے کرکٹ روابط بھی منقطع کر دیے تھے۔
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز کے آخری میچ کے دوران ایک شائق نے تصویر شیئر کی، جس میں ایک شخص پلے کارڈ اٹھائے ہوئے ہے۔
اس پلے کارڈ میں بھارتی کپتان ویرات کوہلی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا گیا تھا کہ ہم آپ کو پاکستان میں کھیلتے ہوئے دیکھنا چاہتے ہیں۔
ساتھ ہی شائق نے اپنے ٹوئٹ میں یہ عبارت بھی لکھی کہ وہ بھارتی کپتان کے بہت بڑے مداح ہیں اور انہیں یہ امید ہے کہ وہ بھی پاکستان آکر کھیلیں گے۔
اپنے اس پیغام میں شائق نے بھارتی کپتان کو پاکستان کی جانب سے نیک تمنائیں اور پیار بھیجا
مذکورہ پیغام کو بھارتی کرکٹ شائقین کی جانب سے خوب پذیرائی ملی اور انہوں نے ان کی اس کاوش کو سراہا۔
ایک بھارتی شائق نے اس پیغام کے جواب میں کہا کہ ہم جلد ایسا ہوتا دیکھیں گے۔ 
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ وہ بھی چاہتے ہیں کہ پاکستانی کھلاڑی بھارت میں آکر کرکٹ کھیلیں

اپنا تبصرہ بھیجیں