ہاردیک پانڈیا کو ظہیر خان کے ساتھ مذاق مہنگا پڑگیا

کھیل کے میدان سے باہر کھلاڑیوں کے درمیان آپسی مذاق ایک معمول کا حصہ ہے اور ایسا ہی ایک مذاق بھارتی ٹیم کے موجودہ کھلاڑی ہاردیک پانڈیا نے ظہیر خان کے ساتھ کیا، جو اُنہیں بہت مہنگا پڑ گیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹس نہ صرف لوگوں کی لوگوں تک رسائی کا ذریعہ بن رہی ہیں بلکہ یہی اسٹارز اور ہیروز کی ذاتی گفتگو اور چٹکلوں کو منظر عام پر لارہی ہیں
بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کھلاڑی اور اسٹار بولر ظہیر خان کی سالگرہ کے دن جہاں تمام مداح اور ساتھی کھلاڑی انہیں مبارکباد پیش کر رہے تھے، وہیں ہاردیک پانڈیا نے انہیں ایک انوکھے انداز میں مبارکباد دے کر انہیں اشتعال دلادیا۔
ہاردیک پانڈیا نے ٹوئٹر پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ وہ ایک مقامی ٹورنامنٹ کے دوران ظہیر خان کی گیند پر ایک زور دار شاٹ کھیل رہے ہیں جو شاٹ کی قوت کے مطابق چھکا دکھائی دے رہا ہے۔
انہوں نے ویڈیو کے ساتھ عبارت میں لکھا کہ ’زیک (ظہیر خان) سالگرہ مبارک ہو، میں امید کرتا ہوں کہ آپ اسے بھی اسی طرح میدان کے باہر پھینکیں جیسے میں نے پھینکا تھا۔‘
ایک عظیم فاسٹ بولر کو تنقید کا نشانہ بنانے پر اس ٹوئٹ کے بعد شائقین کرکٹ کی جانب سے ہاردیک پانڈیا کو ہی تنقید کا نشانہ بنایا جانے لگا لیکن ظہیر خان نے اس مبارکباد کا دلچسپ انداز میں جواب دیا۔
ظہیر خان نے جوابی ٹوئٹ میں آل راؤنڈر کو سالگرہ کی مبارکباد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ’میری بیٹنگ کی صلاحیت ایسی نہیں ہیں جیسی آپ کی ہیں‘۔
ساتھ میں ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ’میری سالگرہ بالکل ایسی ہی تھی جیسی تم نے اسی میچ میں اس شاٹ کے بعد میری اگلی گیند کا سامنا کیا تھا۔‘
ظہیر خان نے اپنی اگلی گیند کا تذکرہ نہیں کیا اور نہ اس کی کوئی ویڈیو جاری کی، تاہم ٹوئٹر صارفین کا اس ٹوئٹ کے جواب میں کہنا تھا کہ ممکنہ طور پر ظہیر خان نے انہیں آؤٹ کردیا تھا۔
دوسری جانب ظہیر خان کے ساتھ ساتھ دیگر ٹوئٹر صارفین نے بھی اس طرح سے سالگرہ کی مبارکباد دینے پر ہاردیک پانڈیا کو آڑے ہاتھوں لیا