پلاسٹک کی تھیلیوں پر لگائی گئی حالیہ پابندی پر عملدرآمد میں عوام حکومت کا ساتھ دیں

 عالمی یوم مسکن (ورلڈ ہیبٹیٹ ڈے) کے موقع پر و زیر اعلیٰ سندھ کے مشیربرائے قانون, ماحولیات, موسمیاتی تبدیلی اور ساحلی ترقی مرتضیٰ وہاب نے اتوار کے روز اپنے پیغام میں کہا ہے کہ سندھ حکومت کی پلاسٹک کی تھیلیوں پر لگائی گئی حالیہ پابندی پر عملدرآمد میں عوام حکومت کا ساتھ دیں ان کا کہنا تھا کہ عوام کے تعاون کے بغیر کسی بھی پابندی پر کامیاب عملدرآمد ممکن نہیں انہوں نے اپیل کی کہ عوام ماحول کی بہتری کے لیے پلاسٹک کی تھیلیوں کا استعمال رضاکارانہ طور پرترک کردیں انہوں نے مزید کہا کہ تھوڑی سے کوشش سے ہم کپڑے, کاغذ اور قابل تلف پلاسٹک کی تھیلیوں کے استعمال کے عادی ہوسکتے ہیں۔ تاجر حضرات سے اس موقع پر صوبائی مشیر نے کہا کہ دکاندار حضرات بھی اس پابندی کو کھلے دل سے قبول کریں اور اپنے کسٹمرز کو بھی اس بات کی تلقین کریں۔ آخر میں انہوں نے عوام سے گزارش کی کہ مل جل کر ماحول کو زحمت دینے والی اپنی عادات ترک کریں اور اپنے ماحول کو آلودگی سے پاک کردیں۔ واضح رہے کہ ساری دنیا میں ہر سال اکتوبر کے پہلے پیر کو(یعنی آج) عالمی یوم مسکن(ورلڈ ہیبیٹیٹ ڈے) منایا جاتا ہے اس دن کو منانے کا مقصد شہروں اور دیہاتوں کے بارے میں عوامی شعور اجاگر کرنا ہے۔ اس دن کو مناکر لوگوں کو شہروں اور دیہاتوں کو پائیدار (sustainable) بنانے کی ترغیب دینا ہے اس سال یوم مسکن کی تھیم ” کچرے کو دولت میں بدلنے کے لیے ٹیکنالوجی ایک جدید طریقہ ہے” رکھی گئی ہے علاوہ ازیں نے ماحولیاتی آلودگی پھیلانے والے کارخانوں خصوصا بیٹریاں پگھلانے اور ٹائر جلا کر ان میں سے تاریں نکالنے والوں کو متنبہ کیا کہ وہ ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی سےگریز کریں بصورت دیگر انکے خلاف سیپا کی ٹیمیں کارروائی کرینگی انہوں نے کہا کہ چھوٹے بڑے کارخانے ماحولیاتی قوانین پر مکمل عملدرآمد کریں یہ کسی اور کے لئے نہیں بلکہ ہمارے خود اور آئندہ آنے والی نسلوں کے لئے بہتر ہوگا انہیں صاف ستھرا ماحول ملے گا۔ بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا کہ ہماری نسلوں کا بہتر مستقبل آج ہماری احتیاط سے منسلک ہے۔