جاسوس چڑیا کی سرکاری طلبی ، کپتان کا ذکر کئے بغیر کھیل اور کھلاڑیوں کا احوال ، اقدامات اور مستقبل قریب کے لائحہ عمل پر تبادلہ خیال ، مسکراتی چڑیا نے خادم اعظم کی تعریفوں کے پل باندھے ، جوابی شاباش لے کر دوسری اننگ کھیلنے والی چڑیا نئی پرواز کے لیے ہشاش بشاش اور تازہ دم ہوگئی۔ اب کائیں کائیں کرنے والے کووں کی شامت آئے گی ۔ ٹھونگے مارنے والوں کے لیے نیا جال تیار ۔

اسلام آباد : 31 جنوری 2023
جاسوس چڑیا کی سرکاری طلبی ، کپتان کا ذکر کئے بغیر کھیل اور کھلاڑیوں کا احوال ، اقدامات اور مستقبل قریب کے لائحہ عمل پر تبادلہ خیال ، مسکراتی چڑیا نے خادم اعظم کی تعریفوں کے پل باندھے ، جوابی شاباش لے کر دوسری اننگ کھیلنے والی چڑیا نئی پرواز کے لیے ہشاش بشاش اور تازہ دم ہوگئی۔ اب کائیں کائیں کرنے والے کووں کی شامت آئے گی ۔ ٹھونگے مارنے والوں کے لیے نیا جال تیار ۔
============================

وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے پاکستان کرکٹ بورڈ (PCB) کی عبوری مینیجمنٹ کمیٹی کے چئیرمین نجم سیٹھی کی ملاقات۔

ملاقات میں نجم سیٹھی نے وزیر اعظم کو پاکستان میں ادارہ جاتی (Departmental)کرکٹ کی بحالی اور فروری میں شروع ہونے والے PSL ایڈیشن 8 کے کامیاب انعقاد کے لیے کیے گئے اقدامات سے تفصیلا آگاہ کیا۔

وزیر اعظم نے ملک میں کرکٹ کے فروغ کے لیے نجم سیٹھی کی کاوشوں کو سراہا، اور انہیں اس سلسلے میں سخت محنت اور لگن سے کام جاری رکھنے کی ہدایت کی۔

=====================
سابق پاکستانی ٹیسٹ کرکٹر راشد لطیف نے بابر اعظم کو کپتانی سے ہٹانے والے ناقدین پر تنقید کرتے ہوئے سوال کیا کہ کیا ٹیم میں ان سے زیادہ قابل کوئی ہے؟۔ سابق وکٹ کیپر بلے باز نے کہا کہ بابر اعظم کو کپتانی سے ہٹانے سے معاملات ٹھیک نہیں ہوں گے لیکن اس سے ٹیم پر خاصا اثر پڑے گا۔ راشد لطیف نے ان افواہوں کو بھی مسترد کردیا کہ ان کی قیادت میں کچھ کھلاڑی آرام دہ نہیں ہیں، ان کا کہنا تھا کہ ’اس وقت ان کے سامنے کوئی کھڑا نہیں ہوسکتا‘۔
54 سالہ سابق ٹیسٹ کرکٹر نے کپتانی کے لیے موزوں امیدوار پر بھی روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ آل فارمیٹس کا کپتان سیٹ اپ میں واحد کھلاڑی ہے جو جسمانی طور پر فٹ ہے اور شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کر رہا ہے۔
راشد لطیف نے مزید کہا کہ قومی ٹیم کے پاس شاداب خان اور شاہین شاہ آفریدی کی شکل میں کپتانی کے لیے دو آپشن ہیں۔ راشد لطیف نے اس وقت کو بھی یاد کیا جب سرفراز احمد قومی ٹیم کی قیادت کر رہے تھے ، انہوں نے کہا کہ “جو کچھ اس وقت بابر کے ساتھ ہو رہا ہے، وہی کچھ سال پہلے سرفراز کے ساتھ ہوا تھا۔

” سابق کپتان نے کہا کہ کچھ سابق کرکٹرز نے بھی سرفراز کو کپتانی سے ہٹانے کے خلاف بات کی تھی جو ان کے خیال میں سب سے بڑی غلطی تھی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ “یہ ایک بہت بڑی غلطی تھی اور ہم نے اس کے خلاف آواز اٹھائی، یہ بہت بری حرکت تھی۔ ہم ابھی تک اس سے باز نہیں آئے ہیں۔
==============
چیف سلیکٹر ہارون رشید نے ریٹائرڈ فاسٹ بولر محمد عامر اور تجربہ کار آل راؤنڈر شعیب ملک کی ممکنہ واپسی کے لیے سلیکشن کا دروازہ کھلا چھوڑ دیا ہے۔ ایک خصوصی انٹرویو میں کرکٹ پاکستان سے بات کرتے ہوئے ہارون رشید نے کہا کہ پاکستان ایک اہم ٹورنامنٹ کے لیے شعیب ملک جیسے تجربہ کار کھلاڑیوں کو واپس بلانے کا امکان تلاش کر سکتا ہے۔
ہارون رشید نے کہا کہ “آپ کو یہ دیکھنا ہوگا کہ کون سے کھلاڑی آپ کے موجودہ سیٹ اپ میں فٹ ہو سکتے ہیں، ہمیں یہ بھی دیکھنا ہوگا کہ کیا ایسا کھلاڑی کسی اہم ایونٹ میں کوئی خاص کردار ادا کرسکتا ہے، جس سے پاکستان کی جیت کے امکانات بڑھ سکتے ہیں‘‘۔ ہارون رشید نے مزید کہا کہ “تاہم اگر کوئی نوجوان کھلاڑی وہی کردار ادا کرتا ہے، تو یہ قابل بحث ہو سکتا ہے لیکن میں نے اس موضوع پر اپنا موقف کھلا رکھا ہے اور کوئی خاص حکمت عملی نہیں بنائی ہے، ایک بار جب میرا سلیکشن پینل بن جائے گا تب ہم ایک مخصوص سلیکشن پالیسی کے ساتھ آئیں گے۔

69 سالہ ہارون رشید نے محمد عامر کے انتخاب کے حوالے سے چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی کے موقف کو دہراتے ہوئے کہ مجھے لگتا ہے کہ کھلاڑیوں کو سوچ سمجھ کر فیصلے کرنے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کا ایک بیان تنازعہ کا باعث بن سکتا ہے، میری رائے میں کھلاڑیوں کو اپنی کرکٹ پر توجہ دینی چاہیے۔ بہت سارے کھلاڑی ہیں اور ہر کھلاڑی خود کو پلیئنگ الیون میں سلیکشن کے قابل سمجھتا ہے لیکن یہ سب اس بات پر منحصر ہے کہ کون سے کھلاڑی مخصوص حالات میں موزوں ہیں۔
ہارون رشید کا کہنا تھا کہ ” محمد عامر کے معاملے میں، مجھے اس کی حیثیت کے بارے میں یقین نہیں ہے۔ میں نے سنا ہے کہ وہ اپنی ریٹائرمنٹ واپس لینے کا سوچ رہے ہیں۔ یہ اچھا ہے کہ وہ کھیل رہا ہے۔ اگر وہ پرفارم کرنا جاری رکھتا ہے تو وہ دوسرے کھلاڑیوں کی طرح انتخاب کے لیے نظروں میں رہے گا۔ یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے ایک پریس کانفرنس کے دوران نجم سیٹھی نے کہا تھا کہ اگر سابق کرکٹر انٹرنیشنل کرکٹ میں واپس آنا چاہتے ہیں تو وہ عامر کو نہیں روکیں گے۔
==========================
سابق ٹیسٹ فاسٹ بولر اور لاہور قلندرز کے ہیڈ کوچ عاقب جاوید کا کہنا ہے کہ پہلے آن لائن شاپنگ ہوتی تھی اب کوچنگ ہو گی۔ عاقب جاوید نے مکی آرتھر کی متوقع ہیڈ کوچ تقرری اور آن لائن کوچنگ کے آئیڈیا کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ جیو نیوز سے بات کرتے ہوئے سابق فاسٹ بولر کا کہنا ہے کہ مجھے اس آئیڈیا کی سمجھ نہیں آئی، لیکن چلیں یہ نسخہ بھی آزما کر دیکھ لیں، میں نے آج تک آن لائن کوچ کا سنا نہیں، یہ ایسے چلے گا نہیں، کیونکہ یہاں فل ٹائم کوچ سے کچھ نہیں ہوتا، آن لائن کیسے کامیاب ہو سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ لگتا ہے کہ موجودہ بورڈ ماضی جیسی ایک ٹیم کو اکٹھا کرنا چاہتا ہے، لیکن میرا سوال ہے کہ کیا دنیا میں اور لوگ نہیں ہیں، کیا نام کا کوچنگ سے کوئی تعلق ہے؟ عاقب جاوید کا کہنا ہے کہ مکی آرتھر اتنے اہم ہوتے تو کسی اور نیشنل ٹیم کے ساتھ بھی اس وقت کوچ ہوتے، وہ ڈربی شائر جیسی کاؤنٹی میں ڈائریکٹر کرکٹ ہیں۔ ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ لگتا ہے یہ ایک جذباتی فیصلہ ہے، جو مجھے پسند نہیں آیا۔
===============================
لاہور قلندرز نے کرکٹ فینز کےلیے اسپورٹس آؤٹ لیٹ کھولنے کا اعلان کردیا۔

چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) عاطف رانا کا کہنا ہے کہ لاہور قلندرز اور تمام کرکٹ فینز کی سہولت کےلیے اسپورٹس آؤٹ لیٹ بنا رہے ہیں، جہاں فینز کو اسپورٹس کی معیاری پروڈکٹس دستیاب ہوں گی۔

عاطف رانا نے بتایا کہ اس آؤٹ لیٹ کو پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 8 میں لانچ کرنے کی کوشش کریں گے۔
==============================
پاکستانی کرکٹرز کو بنگلادیش پریمیئر لیگ (بی پی ایل) میں 8 فروری تک کھیلنے کی اجازت مل گئی۔

ذرائع کے مطابق جو کرکٹرز 5 فروری کے نمائشی میچ کا حصہ نہیں ہیں وہ 8 فروری تک بی پی ایل کھیل سکتے ہیں۔

اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ 5 فروری کو کوئٹہ میں نمائشی میچ کھیلنے والے کھلاڑی 2 فروری کو واپس پہنچیں گے۔

ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے کھلاڑیوں کو واپس بلانے کی پالیسی کا ازسرِ نو جائزہ لیا۔

اس سے قبل پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان سُپر لیگ کھیلنے والے تمام کرکٹرز کو 2 فروری کو وطن واپس طلب کیا تھا۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ پی ایس ایل نہ کھیلنے والے کرکٹرز پر وطن واپسی کی کوئی پابندی نہیں ہے۔

بنگلادیش پریمیئر لیگ میں حارث رؤف، محمد رضوان، محمد نواز، خوشدل شاہ، نسیم شاہ، افتخار احمد، اعظم خان اور دیگر شامل ہیں۔

بابر اعظم اور سرفراز احمد 5 فروری کو آمنے سامنے ہوں گے

واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 8 کے شیڈول کا اعلان پہلے ہی کیا جا چکا ہے، ایونٹ 13 فروری سے شروع ہو گا۔

پی ایس ایل 8 کا افتتاحی میچ دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز کے درمیان ملتان اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔