ناپا اکیڈمی بڑی محنت سے معاشرے کی بہتری کیلئے کام کر رہی ہے، وزیراعلیٰ سندھ

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ناپا (NAPA) میں منعقدہ تقریب سے اپنے خطاب میں کہا کہ ناپا ادارہ بڑی محنت سے معاشرے کی بہتری کے لیے کام کر رہا ہے، حکومت چاہتی ہے کہ صوبہ ترقی کی راہ پر گامزن ہو، معاشرے کے ستون کے حامل تمام فنون کو تربیت دی جائے، ہماری پارٹی ہمیشہ سے لوگوں کی بہتری کےلیے کوشاں رہے گی۔

وزیراعلیٰ سندھ نے ناپا اکیڈمی میں کامیاب ہونے والے طلباء کو مبارک باد دی اور کہا کہ صوبے میں آرٹس کے فروغ کےلیے فن کاروں کی حوصلہ افزائی کرنا ہماری ذمے داری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پرفارمنگ آرٹس معاشرے کی ثقافتی زندگی کا ایک ستون سمجھا جاتا ہے، آرٹس نوجوانوں کو ایک مثبت تخلیقی عمل کی طرف راغب کرتا ہے، معاشرے میں بڑھتی شدت پسندی اور تشدد کے سدباب کی ضرورت بڑھ گئی ہے۔ بہتر ہوگا کہ نوجوانوں کی توانائیوں کو بامقصد سمت کی جانب گامزن کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ناپا کو 18 برس ہوچکے ہیں، اس ادارے نے جو کام کیے وہ ہماری توقعات سے بڑھ کر ہیں، اس کی کامیابی کا سہرا ضیا محی الدین اور ان کی ٹیم کو جاتا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ کراچی کی رونقیں بحال کرنے کی کوشش میں بھی ناپا ہمیشہ فعال رہا ہے، ناپا پرفارمنگ آرٹس کے میدان میں کراچی کے اندر اپنی طرز کا واحد ادارہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس ادارے میں سندھ کے علاوہ دیگر تمام صوبوں کے طلباء آتے ہیں۔ ناپا نے تھیٹر اور موسیقی کے شعبے میں بھی نمایاں کام کیا ہے، سندھ کی ثقافتی روایت ’داستان گوئی‘ کو بھی نئی زندگی دی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ امید کرتا ہوں کہ ناپا اسی طرح اپنے مشن کی تکمیل میں جانفشانی سے گامزن رہے گا۔
اس موقع پر سید مراد علی شاہ نے کامیاب فن کاروں میں ڈگریاں بھی تقسیم کیں۔

تقریب میں سے وزیر تعلیم و ثقافت سندھ سید سردار علی شاہ اور چیف ایگزیکٹیو ناپا اکیڈمی جنید زبیری اور صدر ضیاء محی الدین نے بھی خطاب کیا۔