شاہانہ تقریب پر 20 لاکھ ڈالر سے زیادہ کی رقم اڑا دی گئی

عرب میڈیا کے مطابق شامی حکومت کے وزیر منصور عزام کی بیٹی سالی عزام کی شادی زین العابدین عباس کے ساتھ انجام پائی۔
زین العابدین بھارت میں شامی حکومت کے سفیر ریاض عباس کا بیٹا ہے۔ یہ پُرتعیش تقریب دمشق کے ایک تفریحی مقام یعفور میں منعقد ہوئی۔
تقریب میں شامی حکومت کے سینئر ذمے داروں کے ساتھ ساتھ بڑی کاروباری شخصیات نے شرکت کی۔اس شاہانہ تقریب پر 20 لاکھ ڈالر سے زیادہ کی رقم اڑا دی گئی۔ دلہن کے عروسی لباس کی قیمت ایک لاکھ امریکی ڈالر کے قریب تھی۔ یہ لباس لبنان کے معروف ڈیزائنر زہیر مراد نے تیار کیا۔ تقریب میں لبنان کے 6 فنکاروں، رقاصاؤں اور روسی طائفے نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔
اس موقع پر طعام اور مشروبات کا انتظام لبنان کے مہنگے ترین ریستورانوں کی جانب سے کیا گیا تھا۔ اس کے علاوہ 20 سے زیادہ اقسام کے کیوبا کے مہنگے ترین سیگار اور درآمد شدہ مشروبات بھی پیش کیے گئے۔شادی کی اس انتہائی پُرتعیش تقریب نے بشارالاسد حکومت کے ہمنواؤں کو سیخ پا کر دیا، وہ یہ سوال اٹھا رہے ہیں کہ تقریب میں خرچ کی جانے والی رقم کا ذریعہ کیا تھا؟ بالخصوص جب شامی ریاست کے کسی بھی سرکاری ملازم کی زیادہ سے زیادہ تنخواہ ماہانہ 100 سے 150 ڈالر کے درمیان ہے۔