سرفراز احمد50 ون ڈے میں قیادت کرنیوالے دنیا کے دوسرے وکٹ کیپر بن گئے

سرفراز احمد 50 ون ڈے انٹرنیشنل میچز میں قیادت کرنے والے دنیا کے دوسرے وکٹ کیپر بن گئے۔کپتان سرفراز احمد نے 50 ون ڈے انٹرنینشل میچز میں قیادت کا یہ اعزاز گزشتہ روز کراچی میں سری لنکا سے تیسرے میچ کے دوران حاصل کیا۔سابق بھارتی کپتان مہندرا سنگھ دھونی اس فہرست میں سب سے اوپر ہیں، انھوں نے 200 میچز میں کپتانی کی، ان میں 110 فتوحات نصیب ہوئیں، 74میں شکست کا سامنا کرنا پڑا، 5 میچز ٹائی ہوئے اور 11 غیر فیصلہ کن رہے جب کہ سرفراز کی زیر قیادت پاکستان نے 28 میچز جیتے،20میں ناکامی ہوئی اور2میچز بے نتیجہ رہے۔
اس فہرست میں پہلا نمبر لیجنڈری آل راﺅنڈ ر عمران خان کا ہے جنہوں نے139میچز میں قومی ٹیم کی نمائندگی کی تھی ، وسیم اکرم 109میچز میں قومی ٹیم کی قیادت کرکے دوسرے نمبر پر براجمان ہیں ،انضمام الحق اور مصباح الحق نے87،87میچز میں گرین شرٹس کی قیادت کرکے بالترتیب تیسری اور چوتھی پوزیشن سنبھال رکھی ہے جبکہ جاوید میانداد اور وقار یونس62،62میچز میں قومی ٹیم کی کپتانی کرکے پانچویں اور چھٹے نمبر پر موجود ہیں۔
قومی ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک نے41اور شاہد آفریدی نے38میچز میں قومی ٹیم کی قیادت کی تھی ۔