کنٹرول لائن کے دونوں جانب اور دنیا بھر میں مقیم کشمیری 26جنوری کو بھارت کے یوم جمہوریہ کو یوم سیاہ کے طورپرمنائیں گے


کنٹرول لائن کے دونوں جانب اور دنیا بھر میں مقیم کشمیری 26جنوری کو بھارت کے یوم جمہوریہ کو یوم سیاہ کے طورپرمنائیں گے جس کا مقصد بھارت کی طرف سے کشمیریوں کے حق خود ارادیت سے مسلسل انکار کے خلاف اپنا احتجاج ریکارڈ کرانا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق یوم سیاہ منانے کی اپیل کل جماعتی حریت کانفرنس نے دی ہے ۔اس دن آزاد کشمیر ، پاکستان اورمختلف ممالک کے دارلحکومتوں میں بھارت مخالف مظاہرے اور ریلیاں نکالی جائیں گی تاکہ عالمی برادری کو یہ پیغام دیا جاسکے کہ بھارت جس نے کشمیریوں کے تمام بنیادی حقوق سلب کر رکھے ہیں اوراسے مقبوضہ علاقے میں اپنا یوم جمہوریہ منانے کا کوئی حق حاصل نہیں ہے ۔
صدائے مظلومین ، جموں وکشمیر ڈیموکریٹک موومنٹ ، تحریک آزاد ی جموں وکشمیر، لبریشن الائنس ، پولیٹیکل ریزسٹنس موومنٹ اور یوتھ فریڈم فائٹرزنے پوسٹروں کے ذریعے سرینگر اور وادی کشمیر کے دیگر علاقوں کے کشمیری عوام سے بھارتی یوم جمہوریہ کی سرکاری تقاریب کا بائیکاٹ کرنے اور اپنے گھروں ، دکانوں اور دیگر عمارتوں پر سیاہ جھنڈے لہرانے کی اپیل کی ہے ۔ اس حوالے سے مقبوضہ کشمیر کے مختلف علاقوں میں گزشتہ ایک ہفتے سے مسلسل پوسٹر آویزاں کئے جارہے ہیں ۔